یونیورسٹی روڈ کو تجاوزات سے پاک کرنے کیلئے فوراً اقدامات کئے جائیں ،چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور

چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور کا سوروزہ عوامی خدمت مہم میں بلدیاتی کاموں کے تفصیلی جائزے کیلئے یوسیز چیئرمین اور تمام محکمہ جاتی افسران کے ساتھ اجلاس

بدھ 18 جنوری 2017 18:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2017ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ کے اطراف تجاوزات کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے ، یہ ماڈل روڈ بننے جارہا ہے اور اس پر کسی بھی قسم کی تجاوزات ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی ، پہلے مرحلے میں تجاوزات پھیلانے والوں کو زبانی اور تحریری طور پر نوٹس دیا جائے اور دوسرے مرحلے میں تجاوزات پھیلانے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا جائے گا ،یہ ہدایات انہوں نے سوروزہ عوامی خدمت مہم کے تفصیلی جائزے اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے یوسی چیئرمینز اور تمام محکمہ جاتی افسران کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی ، اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایسٹ کی چھ یوسیز کے چیئرمین نے سوروزہ عوامی خدمت مہم میں جاری بلدیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جبکہ کچھ مسائل کے حوالے سے چیئرمین معید انور کو آگاہ کیا گیا جس میں لیبرز کی کمی، لائیٹس کی عدم دستیابی اور حاضری کے حوالے سے مسائل سامنے آئے جس پر چیئرمین معید انور نے متعلقہ افسران کو فوری مسائل کے حل کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام اسٹاف کی لسٹ مرتب کرکے پیش کی جائے جو اسٹاف غیر حاضر ہے اس کے خلاف ایکشن لیا جائے ، عوامی خدمت پر معمور ہر شخص انتہائی ذمہ داری کے ساتھ فرائض سر انجام دے ، اس موقع پر چیئرمین معید انور نے اسٹریٹ لائیٹس و بیوٹیفکیشن کے حوالے سے امور تیز کرنے کی ہدایت دیں جبکہ تمام افسران اور یوسی چیئرمینز کو کہا کہ سوروزہ عوامی خدمت مہم کے حوالے سے جو منصوبہ بندی کی جاچکی ہے اسی کی تقلید کرتے ہوئے اقدامات کیئے جائیں جو مسائل ضروری نوعیت کے ہوں انہیں ترجیحی بنیاد پر حل کیا جانا چایئے، ہمارا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے ۔

متعلقہ عنوان :