پاک فوج کسی بھی خطرے کا بھرپور جواب دینے کیلئے مکمل تیار ہے

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی وزیر اعظم آزاد کشمیرسے ملاقات میں گفتگو ،کنٹرول لائن پر سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال پاک فوج نے آزاد کشمیر میں تعلیم ‘ صحت اور مواصلات کے انفراسٹرکچر کے شعبوں میں قابل قدر کام کیا ہے‘ راجہ فاروق حیدر

بدھ 18 جنوری 2017 18:09

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جنوری2017ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج کسی بھی خطرے کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اس کیلئے مکمل طور پر تیار ہے ۔ وہ بدھ کو یہاں جی ایچ کیو میں آزادجموں و کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان سے ملاقات میں بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کے مطابق ملاقات میں کنٹرول لائن پر سلامتی کی صورتحال ‘ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کو یقین دہانی کرائی کہ پاک فوج باہر سے کسی بھی قسم کے خطرے سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور وہ اس کیلئے مکمل تیار ہے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ترقیاتی اور سلامتی کے حوالے سے پاک فوج کی کوششوں پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے آزاد کشمیر میں تعلیم ‘ صحت اور مواصلات کے انفراسٹرکچر کے شعبوں میں قابل قدر کام کیا ہے۔ …(رانا)