آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر کی ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امور زیر غور لائے گئے

جنرل قمر جاوید باجوہ نے مختلف شعبوں میں پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات کے فروغ کیلئے عیسیٰ عبد اللہ الباشا کے کردار کو سراہا دہشتگردی اور عسکریت پسندی کیخلاف پاک فوج کا کردار لائق تحسین ہے ، امید ہے پاکستان اور متحدہ عرب امارات خطے میں امن اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے ، سفیر یو اے ای

بدھ 18 جنوری 2017 18:15

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2017ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر عیسیٰ عبد اللہ الباشا النعیمی نے بدھ کو جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور زیر غور لائے گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے قندھار میں حالیہ دھماکوں کے نتیجہ میں متحدہ عرب امارات کے شہریوں کی جانوں کے نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ کیلئے عیسیٰ عبد اللہ الباشا کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے فاٹا خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے متحدہ عرب امارات کے تعاون پر تشکر کا اظہار کیا۔ یو اے ای کے سفیر نے دہشتگردی اور عسکریت پسندی کیخلاف پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات خطے میں امن اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے ۔