ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے میں تاخیر ایران پر پابندیوں کی وجہ سے ہوئی اس کے ہم ذمہ دار نہیں ہیں

وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی کا ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران جواب

بدھ 18 جنوری 2017 18:30

اسلام آباد ۔18جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر ایران پر پابندیوں کی وجہ سے کام آگے نہیں بڑھ سکا‘ پاکستان کی طرف سے ایران کو جرمانے کی رقم نہیں دی جائے گی کیونکہ منصوبے میں تاخیر ایران پر پابندیوں کی وجہ سے ہوئی اس کے ہم ذمہ دار نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

بدھ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر احمد حسن اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان پائپ لائن منصوبے کے تحت گیس وی خرید و فروخت کے معاہدے میں ترمیم کے لئے پاکستان نے درخواست کی ہے جس سے دونوں فریقین کو توسیع شدہ عرصے کے دوران منصوبے کو مکمل کرنے کی سہولت مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ پاکستان کا ایک وفد جلد ہی ایران کا دورہ کرے گا اور اس پر مزید پیشرفت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جی آئی ڈی سی کی مد میں بجٹ میں 2016-17ء میں 25 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ جس میں ایران پاکستان گیس پائپ لائن پروجیکٹ بھی شامل ہے۔