ْ پبلک اکائونٹس کمیٹی نے محکمہ ماہی گیری کے تحفظ کیلئے تین رکنی ذیلی کمیٹی تشکیل دیدی ہے

ذیلی کمیٹی فشریز ڈیپارٹمنٹ سے متعلق امور کی بہتری کیلئے تجاویز دے گی،سیّد خورشید شاہ

بدھ 18 جنوری 2017 19:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) پبلک اکائونٹس کمیٹی نے محکمہ ماہی گیری کے تحفظ کیلئے تین رکنی ذیلی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی کے چیئرمین سیّد خورشید احمد شاہ نے کہا کہ ذیلی کمیٹی فشریز ڈیپارٹمنٹ سے متعلق امور کی بہتری کیلئے تجاویز دے گی۔ انہوں نے حکومت سندھ کو ہدایت کی کہ فیکٹری مالکان کو سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کیلئے پابند کیا جائے اور اس پر عملدرآمد نہ کرنے والی فیکٹریوں کو 6 ماہ کے اندر بند کر دیا جائے۔

انہوں نے وفاقی حکومت سے کہا کہ وہ بلوچستان اور سندھ کے تعاون سے سمندری آلودگی کے خاتمہ کیلئے ماہی گیری کی صنعت سے حاصل ہونے والے محصولات استعمال میں لائے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو چاہئے کہ وہ سمندری آلودگی کے خاتمہ کیلئے پراجیکٹس تیار کریں۔

(جاری ہے)

کمیٹی کے رکن پرویز ملک نے کہا کہ سمندری آلودگی ایک بڑا مسئلہ ہے اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے اس مسئلہ کے حل کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ قواعد کی خلاف ورزی میں جاری کئے گئے فشنگ لائسنسوں کو منسوخ کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے اور سمندر میں داخل ہونے والے آلودہ پانی کو روکنے کیلئے بھی مؤثر اقدامات اٹھائے۔ کمیٹی کے اراکین نے ماہی گیری کیلئے جاری ہونے والے 6 ہزار لائسنسوں پر تشویش کا اظہار کیا اور حکومت سندھ پر زور دیا کہ وہ ان لائسنسوں کو منسوخ کرے۔

کورنگی فشریز ہاربر اتھارٹی کے حکام نے کمیٹی کو اتھارٹی کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری پورٹس اینڈ شپنگ خالد پرویز نے کہا کہ حکومت نے گہرے سمندر میں ماہی گیری کیلئے ایک پالیسی تشکیل دی ہے۔ خالد پرویز نے کہا کہ حکومت سندھ نے غیر ملکیوں کو ماہی گیری کیلئے لائسنس جاری کئے جبکہ وفاقی حکومت کا مؤقف ہے کہ چھوٹے ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں ماہی گیری کی اجازت ملنی چاہئے۔

وزیر برائے لائیو سٹاک و فشریز ڈیپارٹمنٹ محمد ملکانی نے کمیٹی کو بتایا کہ حکومت سندھ نے فشنگ لائسنسوں کا اجراء روک دیا ہے اور گذشتہ 8 سالوں سے کوئی پرمٹ جاری نہیں کیا۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی، شیخ رشید، شیخ روحیل اصغر، ڈاکٹر درشن، رانا افضال، جنید انور چوہدری، شفقت محمود، ڈاکٹر عارف علوی، نوید قمر، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، راجہ جاوید اخلاص، رشید گوڈیل، ارشد خان لغاری، سیکرٹری پورٹس اینڈ شپنگ خالد پرویز سمیت فشریز اور آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔