ریلیاں نکالنے والوں کے دور میں اقتصادی حالات تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے تھے،ملک طاہر جاوید

بدھ 18 جنوری 2017 20:02

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹوممبر ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ پائیدار اور مستحکم ترقی کے لیے سیاستدانوں سمیت تمام طبقات کو کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقہ دن رات محنت کرکے معاشی سرگرمیو ں کو بڑھاتا ہے ، حکومتی مشینری کو رواں دوان رکھنے کے لیے ٹیکس ریونیو فراہم کرتا ہے،ہم وطنوں کے لیے روزگار کے ذرائع پیدا کرتا ہے جبکہ بیشتر سیاست دان صبح سے رات تک اپنے منفی بیانات اور سرگرمیوں کے ذریعے سرمایہ کاری اور مینوفیکچرنگ سرگرمیوں میں رکاوٹیں پیدا کرتے ہیں۔

یہاں بدھ کے روز صنعتکاروں کے ایک گروپ سے ملاقات میں ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ پنجاب کے کاروباری حالات خراب کرنے کے لیے ریلیاں نکالنے والے سیاست دانوں کے دور میں پاکستان کے اقتصادی حالات تباہی کے دہانے پر پہنچ گئے تھے، بجلی ناپید اور پیداواری عمل جامد ہو چکا تھا،سرمایہ اور مہارت بیرون ملک فرار ہونے لگے تھے ، کراچی سے صرف بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کی خبریں ملتی تھیں ، بیرونی تاجر و سرمایہ کار کراچی اترنا رسک قرار دیتے تھے ۔

(جاری ہے)

ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ بہتر ہوتا کہ سیاستدان پہلے کراچی کا کوڑا کرکٹ اٹھاتے ، سیوریج اور ٹریفک کو چالو کرتے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی شب و روز کاوشوں سے لوڈ شیڈنگ ختم ہونے کے امکانات روشن ہو ئے ہیں،صنعت چلنے سے اقتصادی اعشاریے بہتری کی طرف پیش رفت کر نے لگے ہیں، ریٹنگ ایجنسیاں پاکستانی معیشت کو حوصلہ افزا قرار دے رہی ہیں ،پاکستان کو پورے خطہ کی نظروں میں محبوب و پسندیدہ بنانے والے منصوبہ سی پیک پرتیزی سے کام ہو رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :