تھائی لینڈ کے سفیر کی قیادت میں تھائی بدھ بھکشوئوں کے وفد کا کھیوڑہ کا دورہ

بدھ 18 جنوری 2017 20:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورر ازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی )چوہدری عبدالغفورخان نے کہاہے کہ پاکستان میں بد ھ مت اور گندھارا تہذیب کے آثار اور مقامات بد ھ مت سے تعلق رکھنے والے زائرین کیلئے بے حد مقدس اور اہمیت کے حامل ہیں۔ وہ تھائی لینڈ سے آئے ہوئے بدھ بھکشؤوں کے گروپ کے کھیوڑہ نمک کی کان کے دورے کے دوران ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔

یہ وفدایم ڈی پی ٹی ڈی سی کی دعوت پر تھائی لینڈ ایمبیسی کے توسط سے پاکستان کے دورہ پر ہے۔ تھائی لینڈ سے آنے والا یہ گروپ 7بھکشؤوں پر مشتمل ہے جس نے تھائی سفیر سوچارٹ لینگ سینگ تھونگ کی قیادت میں کھیوڑہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چوہدری عبدالغفور نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کی باعث گزشتہ دو سالوں میں تھائی لینڈسے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں نمایا ں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں بدھ مت کے مقدس مقامات کی مناسب تشہیر سے تھائی سیاحوں کی پاکستان آمد میں خاطر خواہ اضافہ ہو سکتا ہے۔ یہ امر خوش آئند ہے کہ ہر سال دنیا بھرسی33 ملین سیاح تھائی لینڈآتے ہیں اورتھائی لینڈ میں آنے والے سیا حوں کو دنیا کی جدید ترین سیاحتی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جن سے پاکستان کی سیاحتی صنعت بہت کچھ سیکھ سکتی ہے اور استفادہ کر سکتی ہے۔

ہم اپنے سیاحتی مطبوعات کو تھائی زبان میں ترجمہ کرواکر سفارت خانے کے ذریعے تقسیم کریں گے۔ ہماری تھائی لینڈ کی حکومت سے درخواست ہے کہ وہاں پاکستانی فوڈ فیسٹیول کا انعقاد کروائے اور پاکستانی افراد کیلئے ہو ٹل اور ٹوررازم انڈسٹری کیلئے ٹریننگ پروگرامز کا انعقاد کرے۔ تھائی لینڈ کے سفیر نے کہا کہ یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ پاکستان میں بدھ مت کے آثار کے علاوہ بھی سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن میں کھیوڑہ بھی سر فہرست ہے۔

تھائی سفیر نے تھائی لینڈ میں بدھا ہیرٹیج پر ایگزبیشن منعقد کروانے پر زٴْور دیاتا کہ تھائی لینڈ کے بد مت سے متعلق سیاح پاکستان میں اپنے مذہبی مقاما ت کو دیکھنے کیلئے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ کی حکومت ٹیکسلا اور سوات میں بد ھ مت کے تاریخی مقامات کی حفاظت اور بحالی کیلئے مدد کرے گی جبکہ تھائی ایمبیسی اپنے ملک میں پاکستان کو ایک پر امن اور محفوظ سیاحت دوست ملک کے حیثیت سے مشتہر کرے گی تاکہ وہاں سے مزید سیاحوں کے گروپس پاکستان آسکیں۔

انہوں نے ایم ڈی کو درخواست کی کہ گندھارا سائٹس پر مہاتمابدھا کے مجسمے آویزاں کیے جائیں تاکہ تھائی لینڈ سے مزید زائرین کو پاکستان آمد پر راغب کیا جا سکے۔ ایم ڈی نے کہا کہ جلد ہی گندھاراکانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جہاں اسکالرز اور ٹور آپریٹرز کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :