ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی دستیابی سے سروس ڈلیوری، ای ایجوکیشن، ای لرننگ، ای ہیلتھ اور ای زراعت میں سہولت پیدا ہوئی،صنعتی فوائد کے حصول کیلئے سرکاری و نجی شراکت داری کے ذریعے پائیدار شراکت داری کے ماڈلز کو فروغ دیا جانا چاہیئے

وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن انوشہ رحمان کا عالمی اقتصادی فورم میں ڈیجیٹل سوسائٹی کے سیشن سے خطاب انوشہ رحمان کی ورلڈ اکنامک فورم کے استقبالیہ ڈنر میں شرکت، ومپل کام گروپ اور سگوو بریکی گروپ کے سی ای او، ٹیلی نار گروپ کی چیئرپرسن سے ملاقاتیں

بدھ 18 جنوری 2017 21:06

ڈیووس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن انوشہ رحمان نے ملک میں انفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے یونیورسل سپورٹ فنڈ کے تحت پاکستان کے اقدامات کواجاگرکیا ہے۔ بدھ کو یہاں عالمی اقتصادی فورم میں ڈیجیٹل سوسائٹی کے ایک اہم سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی دستیابی سے سروس ڈلیوری، ای ایجوکیشن، ای لرننگ، ای ہیلتھ اور ای زراعت میں سہولت پیدا ہوئی ہے اور ان شاہرات کے ذریعہ یہ صنعتیں حکومتوں کے ساتھ فعال طور کام کرسکتی ہیں۔

وزیرمملکت نے کہا کہ صنعت اور حکومت کی ترجیحات ہمہ جہت ہونی چاہئیں اورصنعتی فوائد کے حصول کیلئے سرکاری و نجی شراکت داری کے ذریعے پائیدار شراکت داری کے ماڈلز کو فروغ دیا جانا چاہیئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومتوں کی مائیکرو پالیسی، آئوٹ لک انڈسٹری کی ان کوششوں میں معاون ہونی چاہئیے، اس سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے براڈ بینڈ کمیشن اور ورلڈ اکنامک فورم کے مشترکہ اجلاس میں بھی شرکت کی۔

تمام طبقات کیلئے انٹرنیٹ کے موضوع پر منعقدہ خصوصی سیشن میں اعلیٰ سطحی بحث ہوئی اور ڈیجیٹل ترقی و روابط میں ہونے والے اضافہ کا جائزہ لیا گیا۔ وزیرمملکت نے آئی ٹی یو/یو این ویمن پروگرام کی بھی تعریف کی اور اسے گلوبل ٹیکنالوجی انقلاب میں خواتین اور لڑکیوں کیلئے ایک مثالی عالمگیر پروگرام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے مالیت کے پروگراموں کا مقصد آئی سی ٹی سروسز کی فراہمی، تربیت امور کو بہتر بنانا اور خواتین کو جدید دور کی ٹیکنالوجی کے علم سے لیس کرنا ہے تاکہ وہ معاشی ترقی کے فوائد حاصل کرسکیں۔

انوشہ رحمان نے ورلڈ اکنامک فورم کے ایگزیکٹو چیئرمین اور مینجمنٹ باڈی کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ ڈنر میں بھی شرکت کی۔ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر ومپل کام گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جین چارلی اور ٹیلی نار گروپ کی چیئرپرسن مسز گن ورستاد اور سگوو بریکی گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے بھی وزیرمملکت سے ملاقات کی اور صنعت کے فروغ اور مارکیٹ ڈویلپمنٹ کا جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :