چین سچے اورمخلص دوست کی طرح پاکستان کا ساتھ دے رہا ہے، رانا ثناء اللہ

انرجی پراجیکٹس میں سرمایہ کار ہو رہی ہے،بحران کا خاتمہ ہوگا ، قوم کو مایوسیوں اوراندھیروں کی طرف لے جانے والے ناکام ہونگے، صوبائی وزیرقانون

بدھ 18 جنوری 2017 22:20

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2017ء) صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ چین سچے اورمخلص دوست کی طرح پاکستان کا ساتھ دے رہا ہے اورانرجی پراجیکٹس میں سرمایہ کار ہو رہی ہے جس سے انرجی بحران کا خاتمہ ہوگا ، قوم کو مایوسیوں اوراندھیروں کی طرف لے جانے والے ناکام ہونگے اور پاکستان مسلم لیگ ن ترقی کے قافلے کو آگے لے کر چلے گی پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ وسائل سے محروم طالب علموں کے ارمانوں اورامنگوں کی تکمیل کا انقلابی ذریعہ ہے جو ایک تحریک کی صورت اختیار کرکے شعبہ تعلیم میں انقلاب کا پیش خیمہ ہے جس کا حجم 17ارب روپے تک پہنچ چکا ہے اور اب ایک لاکھ 78ہزار پیف سکالرز اس سے استفادہ کرچکے ہیں جو کہ کامیابیوں کی ایک عظیم داستان ہے ۔

انہوں نے یہ بات وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی ہدایت پر پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ پروگرام سے آگاہی اور اس کی اہمیت وافادیت سے متعلق زرعی یونیورسٹی کے اقبال آڈیٹوریم میں منعقدہ سمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرقانون نے کہا کہ قوم کو مایوسیوں کے حوالے کرنے والے 17ارب روپے مالیت کے حامل پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ‘ لیپ ٹاپ سکیم کے ساتھ ساتھ اساتذہ‘ پولیس ملازمین اور دوسری بھرتیوں میں میرٹ کو یقینی بنانے اور دانش سکولز کی صورت میں غریب بچوں کے ایچی سن کالج جیسے روشن اقدامات کی کارکردگی کو بھی مدنظررکھیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے اس طرح کا خیال چند دہائیاں قبل اگر کسی حکومتی سربراہ کو آجاتا تو آج ملک میں بنیادی و اعلیٰ تعلیم کی صورتحال میں بہتری آ چکی ہوتی لیکن قدرت نے یہ کارخیرمحمد شہباز شریف کی قسمت میں لکھا تھا جس کے ذریعے محدود وسائل اور مشکلات کا شکار گھرانوں میں اُمید‘ خوشی اور ترقی محسوس کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے مستفید ہونے والے سکالرز بلاشبہ ماضی میں محدود وسائل کے حامل غریب مگر محنتی والدین پر فخر کرتے ہونگے اور مشکلات اور مصائب کا جواحساس ان کے ذہن و قلب میں ہوگا دوسرے عام نوجوان اس سے لابلدہونگے۔

انہوں نے کہا کہ سکالرشپ حاصل کرنے والے نوجوانوں کے ذریعے معاشرے میں اجتماعی شعور بڑھے گا اور یہ سلسلہ مزید ضرورت مند نوجوانوںکے ہاتھ تھامنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے انڈوومنٹ فنڈ انتظامیہ پر زور دیا کہ پروگرام میں مزید نوجوانوں کی شمولیت کیلئے قواعد و ضوابط میں نرمی لائی جائے تاکہ اس کے ثمرات ہر ضرورت مند گھر تک پہنچ سکیں۔

انہوں نے پسماندہ اضلاع میں قائم کئے جانیوالے دانش سکولوں کو غریب طالب علموں کا ایچی سن کالج قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سسٹم سے آگے بڑھنے والے نوجوان دیہی سطح پر لوگوں کی سوچ کو تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔صوبائی وزیرقانون نے کہا کہ پنجاب حکومت میگا پراجیکٹس سمیت لیپ ٹاپ سکیم اورعوامی بہبود کے دیگر پروگرامزپراربوں روپے خرچ کرچکی ہے جس میں ایک پائی کی بھی کرپشن نہیں۔

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آبادکے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد علی شاہ نے کہا کہ پروگرام سے ان کے 1562طلبہ میں 26کروڑ روپے تقسیم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہرچند نوجوانوں کیلئے تعلیمی وسائل کے حامل اس پروگرام کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں تاہم و ہ سمجھتے ہیں کہ آئندہ 5 برسوں میں اس کے شیریں ثمرات پوری تابانیوں کے ساتھ ہم سب کے سامنے ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ پیف کے ذمہ داران پر زور دیا کہ یونیورسٹی سے گریجوایٹ ہونے والے نوجوانوں کو اپنے انوکھے بزنس آئیڈیاز کو کاروباری شکل دینے کے لئے سرمائے کااہتمام بھی کیا جائے تو ملک میں نئے کاروبار فروغ پائیں گے۔ تقریب سے ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنٹس و یونیورسٹی ایڈوانسمنٹ ڈاکٹر حفیظ احمد صداقت‘ سکالر ڈاکٹر عمران سلیم‘ حفضہ امجد‘ ساجد اور خضر نے بھی خطاب کیا اور اپنی کامیابیوں میں پیف کے کردار پر روشنی ڈالی۔