وزیراعظم نوازشریف سے چیئرمین علی بابا گروپ جیک ما کی ملاقات

جیک ما نے وزیراعظم کو ان کی کمپنی کے مرکز گوانگ ژو کے دورے کی دعوت دی،وزیر ا عظم کی بھی جوابی دورے کی دعوت

بدھ 18 جنوری 2017 22:37

ڈیووس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2017ء) وزیراعظم نوازشریف سے چیئرمین علی بابا گروپ جیک مانے ملاقات کی ہے،ملاقات عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ہوئی۔جیک ما نے وزیراعظم کو ان کی کمپنی کے مرکز گوانگ ژو کے دورے کی دعوت دی،وزیراعظم نے بھی جیک ما کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

بدھ کے روز سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں وزیراعظم نوازشریف سے علی بابا گروپ کے چیئرمین جیک ما نے ملاقات کی،ملاقات کے دوران گفتگو میں چیئرمین علی بابا جیک ما نے کہا کہ ترقی پذیر ملکوں میں چھوٹے پیمانے کی صنعتوں کی معاونت کرنا چاہتے ہیں،علی بابا گروپ سے 6کروڑ کمپنیاں استفادہ حاصل کر رہی ہیں،پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور پاکستان کی اقتصادی ترقی کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے ہکا کہ ای کامرس پلیٹ فارم کی تشکیل میں پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں۔پاک چین اقتصادی راہداری نے سرمایہ کاری کے بہترین مواقع مہیا کئے ہیں۔اس موقع پر چیئرمین علی بابا گروپ نے وزیراعظم کو کمپنی کے مرکز گوانگ ژو کے دورے کی دعوت دی جبکہ وزیراعظم نوازشریف نے بھی جیک ما کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔۔۔(ولی)