امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کی ایک کروڑ 30 لاکھ صفحات پر مشتمل خفیہ دستاویزات پہلی بار انٹرنیٹ پر جاری

بدھ 18 جنوری 2017 23:33

امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کی ایک کروڑ 30 لاکھ صفحات پر مشتمل خفیہ ..

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جنوری2017ء) امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کی جانب سے تقریباً ایک کروڑ 30 لاکھ صفحات پر مشتمل خفیہ دستاویزات کو پہلی بار انٹرنیٹ پر جاری کر دیا گیا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ان دستاویزات کو معلومات کی آزادی اور سی آئی اے کے خلاف ایک طویل مقدمے کی کوششوں کے بعد جاری کیا گیا ہے، انٹرنیٹ پر جاری کی جانے والی دستاویزات میں انٹیلی جنس بریفنگ، تحقیقی مقالے، یو ایف او سائٹنگز اور نفسیاتی تجربات شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مکمل محفوظ شدہ دستاویزات 8 لاکھ فائلوں سے بنائی گئی ہیں اور یہ ایک کروڑ 30 لاکھ صفحات پر مشتمل ہیں۔ ان دستاویزات میں امریکا کے سابق وزیرِ خارجہ ہینری کیسنجر کی دستاویزات کے علاوہ انٹیلی جنس تجزیے کے ہزاروں صفحات، سائنس کی تحقیق اور نشوونما سے متعلق دستاویزات بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

آن لائن جاری کیے جانے والے دستاویزات میں معروف شخصیت اوری گیلر کی 1973 کی ذہنی حالت کے معائنے کا ریکارڈ بھی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان دستاویزات میں غیر معمولی ریکارڈز میں اڑن طشتریوں کے بارے میں جاری کی جانے والی رپورٹس اور پوشیدہ سیاہی کی تراکیب بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ سی آئی اے نے گزشتہ سال نومبر میں اعلان کیا تھا کہ وہ اس مواد کو شائع کرے گی۔

متعلقہ عنوان :