روس اور امریکہ کا تعمیری تعلق دنیا کے مفاد میں ہے، میڈیا کو میرے احتساب کا حق ہے، انتخابات میں شکست کے بعد ڈیموکریٹس کو اپنی پالیسیوں پر غور کرنا ہوگا، باراک اوباما کی اپنے دور صدارت کی آخری پریس کانفرنس

جمعرات 19 جنوری 2017 11:05

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ روس اور امریکہ کا تعمیری تعلق دنیا کے مفاد میں ہے، سائبر ایج میں جمہوریت کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ اپنے دور صدارت کی آخری پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ بہتر تعلقات امریکہ کے حق میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ایک بڑا ملک ہے اسے کسی چھوٹے ملک پر قبضہ کرنا زیب نہیں دیتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں شکست کے بعد ڈیموکریٹس کو اپنی پالیسیوں پر غور کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی ہتھیاروں کی تخفیف کے معاملہ پر روس تعاون نہیں کر رہا تھا، میں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو عالمی امور پر بریفنگ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو میرے احتساب کا حق ہے، آزاد میڈیا ملک چلانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیوٹن کے دور میں روس میں امریکہ مخالف جذبات میں اضافہ ہوا، پھر بھی کوشش کریں گے کہ ان کے ساتھ کام کرتے رہیں۔