فرانس کا برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ

جمعرات 19 جنوری 2017 11:11

پیرس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) فرانس کے صدر نے یورپی یونین اور برطانیہ کے درمیان مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔فرانسیسی ذرائع کے مطابق صدر فرانسوا اولینڈ نے برطانوی وزیراعظم تھریسا مے سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے یورپی یونین کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے پر زور دیا ہے۔

(جاری ہے)

برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک باہمی تجارتی معاہدے کی اساس پر، یورپی یونین کے رکن ملکوں کے ساتھ اقتصادی تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے۔

انہوں نے برطانیہ اور فرانس کے درمیان سیکورٹی اور دفاعی تعاون میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔تھریسا مے نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ یورپی یونین ، داخلی یورپی منڈی اور یورپی کسٹم یونین سے برطانیہ باہر نکلنے کا ارادہ رکھتا ہے۔حکومت برطانیہ نے رواں سال مارچ کے آخر تک یورپی یونین سے نکلنے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔