وزیر اعظم پاکستان اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل کو مسئلہ کشمیر کے تاریخی حقائق سے آگاہ کریں

دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کا وزیر اعظم پاکستان کے عالمی اداروں میں مسئلہ کشمیر کو موثر طورپر اجاگر کرنے پر اظہار اطمینان

جمعرات 19 جنوری 2017 11:36

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی نے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف سے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے نئے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریز کو مسئلہ کشمیر کے تاریخی حقائق سے آگاہ کریںتاکہ اس دیرینہ تنازعے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جاسکے ۔ انہوںنے کہاکہ عالمی برادری کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے مسئلہ کشمیر صرف انسانی حقوق کا ہی مسئلہ نہیں ہے بلکہ اس کا ایک تاریخی پس منظر ہے اور بھارت کاجبری قبضہ اس قضیہ کی بنیاد ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق آسیہ اندرابی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ انہوںنے کہاکہ انتونیو گوتریز نے مسئلہ کشمیر کے حل میں دلچسپی ظاہر کی ہے اس لئے ضروری ہے کہ وزیر اعظم پاکستان انہیں اس سلسلے میں حقائق اور بھارت کی ہٹ دھرمی پر مبنی رویے سے آگاہ کریںاور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اہم اقدامات کرنے کا مطالبہ کریں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کشمیر بارے عالمی ادارے کی متعدد قراردادوںکے باوجود یہ تنازعہ آج بھی حل طلب ہے ۔

آسیہ اندرابی نے کہاکہ محمد نواز شریف کوچاہیے کہ وہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی وساطت سے بھارت کو مقبوضہ کشمیر کی رائے شماری کرانے پر مجبور کریں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس دیرینہ مسئلے کے حل کیلئے مثبت اور فعال کردار ادا کرے۔ یہ اسی ادارے کے تساہل کا نتیجہ ہے کہ ارض کشمیر میں نہتے کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے۔ دریں اثنا انہوں نے عالمی اداروں میں حکومت پاکستان اورمحمد نواز شریف کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو موثر طورپر اجاگر کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کشمیریوںکی جدوجہد آزادی کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے ۔