قومی انڈر 18 ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ میںکھلاڑیوں کو ٹرائلز کے بعد شارٹ لسٹ کردیا گیا ، کھلاڑیوں کی تعداد 42ہوگئی ، اسسٹنٹ کوچ مدثر

جمعرات 19 جنوری 2017 13:48

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) قومی انڈر 18 ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ میں حصہ لینے والے 55کھلاڑیوں میں سے بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو ٹرائلز کے بعد شارٹ لسٹ کردیا گیا اور اب کھلاڑیوں کی تعداد 42ہوگئی ۔جمعرات کے روز شارٹ لسٹ کئے جانے والے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ ہیڈ کوچ کامران اشرف اور اسسٹنٹ کوچ اولمپیئن مدثر کی نگرانی میں جاری رہا، کھلاڑیوں کی بنیادی سکلز اور فزیکل فٹنس پر زور دیا گیا ، اسسٹنٹ کوچ اولمپیئن مدثر نے اے پی پی کو بتایا کہ ابتدا ء میں کیمپ میں 80کھلاڑی تھے جنھیں شارٹ لسٹ کرنے کے بعد 55کیا گیا اور بعد ازاں مزید شارٹ لسٹ کرکے 42کردیا گیا ہے ،انہوں نے کہاکہ جونیئر ہاکی ٹیم کو مستقبل میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ کیلئے تیار کیا جارہا ہے اور اگلا جونیئر ورلڈ کپ 2020 ء میں ہوگا اور ہمارے پاس اس کی تیاری کیلئے مناسب وقت ہے ،اللہ تعالی کے حکم سے اگلے جونیئر ورلڈ کپ تک قومی جونیئر ہاکی ٹیم کی تیار ی مکمل ہوجائے گی اور یہ ورلڈ کپ جیتنے کی پوزیشن میں ہوگی،اولمپیئن مدثر نے کہا کہ ملک میں ہاکی کے ڈومیسٹک سٹرکچر کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور اس کیلئے فنڈز درکار ہیں،ڈومیسٹک سٹرکچر سے آنے والے کھلاڑیوں کی بنیادی تکنیک بہتر نہیں ہوتی اور جب وہ کیمپ میں آتے ہیں تو ان کی خامیاں پختہ ہوچکی ہوتی ہیں جنھیں بہتر بنانے کیلئے کم از کم ایک سال کی ٹریننگ کی ضرورت ہوتی ہے اور ہم کیمپ میں کھلاڑیوں کی بنیادی تکنیک کو بہتر بنانے پر زیادہ زور دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملکی ڈومیسٹک ہاکی کے سٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے بہت زیادہ فنڈز کی ضرورت ہے ۔زیادہ سے زیادہ آسٹر و ٹرف لگائی جائیں اور کھلاڑیوں کو نوکریاں دے کر ان کی مالی حالت کو بہتر کیا جائے،پاکستان ہاکی فیڈریشن ڈومیسٹک ہاکی کے سٹرکچر کو بہتر بنانے اور کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ نوکریاں فراہم کرنے کیلئے کوششیں کررہی ہیں جبکہ مختلف نئے ڈیپارٹمنٹس کی بھی ہاکی ٹیموں کی تشکیل کی کوشش کی جارہی ہے جس سے کھلاڑیوں کو مالی پریشانیوں سے نجات ملے گی اور وہ اپنا فوکس صرف ہاکی کی طرف رکھیں گے ۔

متعلقہ عنوان :