ڈونلڈ ٹرمپ کل 45 ویں امریکی صدر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے

تقریب میں اوباما اور دیگر سیاسی و سماجی رہنما سمیت نو لاکھ افراد کی شرکت کا امکان ، کسی غیر ملکی وفود کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی ، ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب کے موقع پر دو اعشاریہ سات ایکڑ مربع میل رقبہ تمام ٹریفک کیلئے بند اور نو فلائی زون ہوگا، بارہ سیکورٹی ایجنسیوں اور پولیس کے 28ہزار اہلکار ٹرمپ کی حفاظت کریں گے

جمعرات 19 جنوری 2017 14:00

ڈونلڈ ٹرمپ کل 45 ویں امریکی صدر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2017ء) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کل جمعہ کو امریکہ کے 45ویں صدر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، حلف برداری کی تقریب پاکستانی وقت کے مطابق رات10 بجے واشنگٹن ڈی سی میں منعقد کی جائے گی۔امریکی میڈیا کے مطابق نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ (آج ) جمعہ کو امریکہ کے 45ویں صدر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

واشنگٹن ڈی سی میں ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب کے موقع پر دو اعشاریہ سات ایکڑ مربع میل رقبہ تمام ٹریفک کیلئے بند اور نو فلائی زون ہوگا، جبکہ بارہ سیکورٹی ایجنسیوں اور پولیس کے 28ہزار اہلکار ٹرمپ کی حفاظت کریں گے۔ تقریب پر سیکیورٹی اقدامات کی مد میں دس کروڑ ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کی تقریب میں باراک اوباما اور دیگر سیاسی و سماجی رہنما سمیت نو لاکھ افراد کی شرکت کا امکان ہے، جبکہ تقریب میں کسی غیر ملکی وفود کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

حلف برداری کی تقریب میں روایت کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ بیس منٹ کی تقریر کریں گے، جبکہ تقریب میں متعدد میوزک گروپ، گلوکار اور ڈانسرز شرکت سے انکار کرچکے ہیں۔سبکدوش ہونے والے صدر باراک اوباما ٹرمپ کو ٹینک جیسی بم پروف گاڑی میں وائٹ ہاس لے جائیں گے، جہاں رات ٹرمپ قیام کے بعد اگلی صبح سے صدر کی حیثیت سے باضابطہ کام شروع کریں گے۔دوسری جانب ٹرمپ کی حلف برداری کے موقع پر ہزاروں افراد احتجاج کرینگے، جنہیں روکنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔