ایبٹ آباد، لمبا میرا سمیت اہلیان علاقہ گریوٹی فلو سکیم کے لمبی ڈھیری پر تعمیر ٹینک کے پانی سے ایک دن بھی مستفید نہیں ہو سکے

کاغذات میں یہ سکیم چالو ہے تاہم زمین پر اس کا وجود ختم ہوتا جا رہا ہے، محکمہ مرمت کرکے سکیم کو دوبارہ بحال کرے، اہلیان علاقہ

جمعرات 19 جنوری 2017 14:56

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) لمبا میرا سمیت اہلیان علاقہ گریوٹی فلو سکیم کے لمبی ڈھیری پر تعمیر ہونے والے ٹینک کے پانی سے ایک دن بھی مستفید نہیں ہو سکے، کاغذات میں 2014ء سے چالو سکیم پراپرٹی ڈیلرز مافیا کی نذر ہو گئی، لمبا میرا ٹینک سے بھی پانی کی فراہمی بند ہونے کے باعث مقامی افراد پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ، اہلیان لمبا میرا سمیت مقامی افراد نے پانی کی عدم فراہمی پر شدید احتجاج کی دھمکی دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گریوٹی فلو سکیم سے جھنگی، لمبا میرا، لمبی ڈھیری سمیت جھنگی سیداں اور دیگر علاقوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے لمبی ڈھیری پر ایک ٹینک تعمیر کیا گیا تھا، ٹینک کی تعمیر کے کچھ ہی عرصہ بعد ٹینک سے ملحق آبادی پر پراپرٹی ڈیلرز کی جانب سے پلاٹنگ کا سلسلہ شروع ہوا، ٹینک کو جانے والے پائپ زمین ہموار کرنے والی مشینوں کی نذر ہو گئے جس سے اہلیان علاقہ کو صاف پانی کی فراہمی کا کروڑوں روپے کا منصوبہ ناکارہ ہو کر رہ گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ محکمہ پبلک ہیلتھ بھی پانی کے پائپوں کو مرمت کر کے دوبارہ پانی کو بحال کرنے میں ناکام رہا جس سے اب یہ سکیم ناکارہ بنا دی گئی ہے۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ محکمہ کی طرف سے ان افراد کے خلاف کوئی بھی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی اور نہ ہی محکمہ پبلک ہیلتھ نے دوبارہ پائپوں کو چالو کرنے کی کوئی سعی کی ہے۔ واضح رہے کہ یہ سکیم محکمہ کے کاغذات میں ابھی تک چالو ہے تاہم زمین پر اس کا وجود ختم ہوتا جا رہا ہے۔

اہلیان علاقہ کا کہنا ہے کہ اگر سکیم کو دوبارہ مرمت کر کے بحال نہ کیا گیا تو ہم شدید احتجاج کریں گے، صاف پانی اہلیان علاقہ کا حق ہے اور ہم یہ حق ضرور لیں گے، منتخب نمائندے آنکھیں بند کرنے کی بجائے سکیم کی فوری بحالی کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ منصوبہ کو نقصان پہنچانے والوں سے معاوضہ لیکر پائپوں کو دوبارہ مرمت کر کے پانی کی سپلائی بحال کروائے تاکہ مقامی افراد سکھ کا سانس لے سکیں۔

متعلقہ عنوان :