سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان حج 2017ء کا معاہدہ طے پا گیا

سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لئے حج کوٹہ مکمل طور پر بحال کر دیا گیا، رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے

جمعرات 19 جنوری 2017 17:13

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان حج 2017ء کا معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان کے حج کوٹہ میں 20 فیصد کمی ختم کرکے اسے مکمل بحال کر دیا ہے جس کے تحت رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ وفاقی وزیر مذہبی امور اور سعودی وزارت حج کے درمیان جمعرات کو حج معاہدہ کے سلسلہ میں ہونے والی بات چیت کے بعد طے پایا۔

واضح رہے کہ مسجد الحرام کی توسیع کے دوران دیگر اسلامی ممالک سمیت پاکستان کے حج کوٹہ میں بھی 20 فیصد کمی کی گئی تھی اور پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 43 ہزار 368 کر دیا گیا تھا تاہم سعودی حکومت نے پاکستان کا تخفیف شدہ حج کوٹہ بحال کر دیا ہے، اس طرح حج 2017ء میں ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں وزارت مذہبی امور کے ترجمان عمران صدیقی نے سعودی عرب سے ٹیلیفون پر ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور سعودی وزارت حج کے درمیان حج معاہدہ 2017ء کے حوالے سے تفصیلی مذاکرات ہوئے ہیں جس میں نہ صرف انہوں نے پاکستان کے حج کوٹہ میں پہلے سے کی گئی 20 فیصد تخفیف ختم کر دی ہے بلکہ انہوں نے کہا ہے کہ اگر پاکستان میں مردم شماری ہو جاتی ہے تو وہ معتمر عالم اسلامی کے لئے مزید حج کوٹہ لینے کے لئے بھی درخواست دے سکتا ہے جس پر غور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حج مذاکرات میں بائیو میٹرک سسٹم کو بہتر بنانے اور موبائل فون سموں سمیت مشاہر کے حوالے سے کمی کوتاہی کو دور کرنے کے عزم کا سعودی وزارت حج کی جانب سے اظہار کیا گیا۔ گزشتہ حج کے موقع پر حرم میں ہونے والے سانحہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے لواحقین کو معاوضہ کی عدم ادائیگی کے معاملہ پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔ سعودی وزارت حج نے یقین دلایا ہے کہ اس مسئلہ کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستانی حج مشن کے حوالے سے بھی امور زیر غور لائے گئے ہیں۔ سعودی وزارت حج نے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ عمران صدیقی کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حج کوٹہ میں اضافہ ہونے پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم کی دعائیں رنگ لائی ہیں اور رواں سال ہمارا یہ مطالبہ تسلیم کرلیا گیا ہے۔ گزشتہ سال بھی ہم نے حج کوٹہ میں تخفیف ختم کرنے کی درخواست کی تھی جو قبول نہیں ہوئی تھی۔

متعلقہ عنوان :