جماعت اسلامی نے ہسپتالوں میں ناقص سٹنٹڈالنے کیخلاف تحریک التواء پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی

جمعرات 19 جنوری 2017 17:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2017ء) پنجاب اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر نے ہسپتالوں میں ناقص سٹنٹڈالنے کے خلاف تحریک التواء پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروادی۔تحریک التواء میں کہاگیا ہے کہ’’17جنوری 2017کے قومی اخبارات کی اشاعت کے مطابق’’ میو ہسپتال سکینڈل ، مسیحا قصائی بن گئے، ناقص سٹنٹ ڈال کر کروڑوں کمالیے ۔

‘‘اس طرح کی خبریں اور ڈاکٹر حضرات کی اخلاقی پستیوں کی خبریں اخبارات میں آتی رہتی ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن ناقص سٹنٹ ڈال کر کروڑوں کمانا مریضوں کو موت کے منہ میں دھکیلنے کے مترادف ہے۔ ایک غریب آدمی اپنی استطاعت نہ ہونے کے باوجود اپنے پیارے کی زندگی بچانے کے لیے اور معیاری علاج کے لیے ڈاکٹر کے پاس آتا ہے لیکن لاکھوں روپے خرچ کرنے کے باوجود مریض پھر بھی بچ نہیں پاتا۔ لگتا یہ ہے کہ ڈاکٹرز مافیا کے سامنے ہماری انتظامیہ بے بس ہے۔حکومت کو چاہیے کہ وہ ا س واقعے کی فوری تحقیقات کروائے اور ذمہ دار ڈاکٹر ز کے لائسنس منسوخ کرکے انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے ۔نیز آئندہ کے لیے اس حوالے سے کوئی واضح قانون سازی کی جائے‘‘۔