قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات ونشریات کا مزار قائد کا دورہ، مختلف امور پر بریفنگ

جمعرات 19 جنوری 2017 17:33

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات ونشریات اور قومی ورثہ کا اجلاس قائداعظم مزار منیجمنٹ بورڈ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت قائمہ کمیٹی کے چیئرمین پیر محمد اسلم بودلا نے کی جبکہ اجلاس میں کمیٹی کے دیگر اراکین شاکر بشیر اعوان، محمد فاروق، طاہر اقبال، محمد طفیل، عمران ظفر لغاری، نعیمہ کشور خان، ملک محمد عامر ڈوگر سمیت وفاقی سیکریٹری برائے قومی ورثہ ڈویژن عامر حسن نے شرکت کی جبکہ ریذیڈنٹ انجینئر مزار قائد محمد عارف اور اسسٹنٹ انجینئر جواد مغل نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دی۔

قبل ازیں کمیٹی کے اراکین نے چیئرمین کمیٹی پیر محمد اسلم بودلا کی سربراہی میں مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے مزار قائد کے احاطے میں مدفون محترمہ فاطمہ جناح، خان لیاقت علی خان، سردار عبدالرب نشتر اور دیگر قبروں پر بھی حاضری دی اور فاتخہ خوانی کی۔ کمیٹی نے احاطے میں موجود میوزیم کا بھی دورہ کیا۔

ریذیڈنٹ انجینئر مزار قائد محمد عارف اور اسسٹنٹ انجینئر جواد مغل نے قائمہ کمیٹی کو قائداعظم میموریل فنڈ اور قائد اعظم مزار منیجمنٹ بورڈ (کیو ایم ایم بی) کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ فنڈ 1948ء میں قائم ہوا تھا اور اس وقت فنڈ میں 249 ملین روپے موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنڈ سے نینشنل بینک آف پاکستان اور فرسٹ وومن بینک میں سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 3 سے 4 ہزار شہری مزار قائد پر حاضری دینے آتے ہیں جس سے بھی ماہانہ تقریباً 12 ملین روپے کی آمدنی ہوتی ہے۔ ممبران کمیٹی نے مزار قائد کے احاطے میں قائم میوزیم میں رکھے گئے نواردات کے حفاظتی اقدامات پر اطیمنان کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :