وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کے سربراہ بل گیٹس کی ملاقات

گذشتہ تین سالوں کے دوران پاکستان سے پولیو وائرس کے خاتمہ میں شاندار کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا

جمعرات 19 جنوری 2017 18:16

وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کے سربراہ بل گیٹس ..
ڈیووس ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کے سربراہ اور بزنس لیڈر بل گیٹس نے گذشتہ تین سالوں کے دوران پولیو وائرس کے خاتمہ میں شاندار کامیابی پر پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے گذشتہ روز عالمی اقتصادی فورم کے 47 ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم محمد نواز شریف سے کانگریس سنٹر میں ملاقات میں کی۔

وزیراعظم کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے بل گیٹس نے کہا کہ 2017ء پاکستان سے پولیو کے خاتمہ کا سال ہو گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے بل گیٹس کو تباہ کن پولیو وائرس کے خلاف قومی جنگ کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت چاروں صوبائی حکومتوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ساتھ مل کر پولیو کے خاتمہ کیلئے اجتماعی کوششیں کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پولیو سے پاک پاکستان اور آنے والی نسلوں کی صحت یقینی بنانے کیلئے وفاقی اور صوبائی سطح پر تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ بل گیٹس نے کہا کہ وہ آنے والے مہینوں میں دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔