محمد افضل کھوکھر کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے حکومتی یقین دہانیاں کا اجلاس

سی ڈی اے سیکٹر E-12 کے ترقیاتی کام 30 سال سے مکمل نہیں کر سکا روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ پیش کرے،قائمہ کمیٹی

جمعرات 19 جنوری 2017 19:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے حکومتی یقین دہانیاں نے قرار دیا ہے کہ سی ڈی اے سیکٹر E-12 کے ترقیاتی کام کو گزشتہ 30 سال سے مکمل نہیں کر سکا وہ اپنی کارکردگی کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ کرے۔ قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے حکومتی یقین دہانیاں کا اجلاس محمد افضل کھوکھر کی صدارت میں ہوا۔

کمیٹی نے سی ڈی اے کے کام اور پراگرس کی نگرانی کے لئے ذیلی کمیٹی بنائی جس کے کنوینئر ممبر قومی اسمبلی عبدالمجید خان خانان خیل جبکہ ممبر قومی اسمبلی ملک ابرار احمد اور محمد عرفان ڈوگر اس کے ممبرہوں گے۔ قائمہ کمیٹی نے ممبر قومی اسمبلی مخدوم باسط بخاری کے توجہ دلائو نوٹس پر بھی غور کیا جس کے مطابق حکومت نے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ مقدس اوراق بشمول اخبارات میں چھپنے والی آیات قرآنی، احادیث رسول اور مقدس اسماء کی حفاظت اور احترام کی پوری کوشش کرے گی۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو بتایا گیا کہ اے پی این ایس، سی پی این ای اور پی بی اے نے حکومت سے طے کیا ہے کہ وہ تمام اخبارات میں مقدس اوراق اور اسماء کی حفاظت اور تقدس و احترام کو یقینی بنانے کیلئے تمام اخبارات میں ترغیبی تحریر شائع کیا کریں گے۔ اسی طرح وزارت مذہبی امور نے کمیٹی کو بتایا کہ قرارداد کے مطابق اس سال اراکین اسمبلی اور ان کے ہمراہ دیگر افراد نے 12 ربیع الا ول کو روضہ رسولؐ پر حاضری دی ہے اور اس یقین دہانی پر عملدرآمد ہوتا رہے گا۔

کمیٹی نے اس سلسلہ میں قواعد بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے دونوں یقین دہانیاں نمٹا دیں۔ مجلس قائمہ نے سیکرٹری داخلہ اور چیئرمین نادرا کے اجلاس سے غیر حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ آئندہ دونوں افسران ذاتی طور پر حاضر ہوں اور غیر ملکیوں خصوصاً افغانیوں کی رجسٹریشن کے بارے میں کمیٹی کو حکومتی اقدامات کے بارے میں آگاہ کریں۔

متعلقہ عنوان :