تحریک انصاف وزیر اعلیٰ پنجاب کی نااہلی کا ریفرنس ( کل) سپیکر پنجاب اسمبلی کو پیش کریگی

وزیر اعلیٰ پنجاب صادق اور امین نہیں رہے، شہباز شریف نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا اور اپنے حلف کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے خاندانی مفاد کو ملک و قوم پر ترجیح دی، وفاقی حکومت کی جانب سے لگائی جانے والی پابندی اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے چودھری شوگر اور اتفاق شوگر ملز کی غیر قانونی منتقلی کرائی پنجاب اسمبلی میںاپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید کی پریس کانفرنس

جمعرات 19 جنوری 2017 19:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2017ء) تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی( کل) جمعہ کو سپیکر پنجاب اسمبلی کو وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی نا ا ہلی کا ریفرنس پیش کریگی۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو پنجاب اسمبلی میںاپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب صادق اور امین نہیں رہے، انہوں نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا اور اپنے حلف کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے خاندانی مفاد کو ملک و قوم پر ترجیح دی۔

پریس کانفرنس میں تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اعجاز چودھری، ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سبطین خان، رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر مراد راس، میاں اسلم اقبال، احمد خان بچھڑ، خرم شہزاد، علی سلمان، آصف محمود، احمد علی دریشک، راجہ راشد حفیظ، حجازی خان، سعد یہ سہیل، ڈاکٹر نوشین حامد، نبیلہ حاکم علی، را حیلہ انوار اور اپوزیشن لیڈر پنجاب کے میڈیا کو آر ڈی نیٹر حافظ ذیشان رشید بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میاں محمود الر شید نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے لگائی جانے والی پابندی اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے چودھری شوگر اور اتفاق شوگر ملز کی غیر قانونی منتقلی کرائی۔ لاہور ہائیکورٹ نی10اکتوبر2016 میں دونوں شوگر ملز کی جنوبی پنجاب میں منتقلی کو غیر قانونی قرار دیا، ملوں کی ری لوکیشن ( منتقلی) کیلئے جو پالیسی بنائی گئی وہ قومی مفادات کی بجائے اپنے خاندان کو مد نظر رکھ کر بنائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ شوگر ملز کی منتقلی کیلئے جو طریقہ کار اختیار کیا گیا اس میں حکمران خاندان کو ہی فائدہ پہنچا اور حکمران خاندان کے ہی مفادات کا تحفظ کیا گیا۔ میاں محمود الر شید نے مزید کہا کہ التوفیق کارپوریشن نے لندن ہائیکورٹ میں شہباز شریف کیخلاف ایک کیس دائر کیا اور16مارچ1999 کو اسکا فیصلہ سنایا جس کے مطابق شہباز شریف کے ذمہ ساڑھی17ملین امریکی ڈالر واجب الادا ہیں، فیصلے کے بعد شہباز شریف کو پارک لینڈ کے فلیٹس گروی رکھوانا پڑے اور شہباز شریف نے فروری2000میں اپنی پراپرٹی چھڑانے کیلئے ساڑھی17ملین امریکی ڈالر رقم ادا کی جو منی لا نڈر نگ کے ذریعے منتقل کی گئی تھی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں محمود الر شید نے کہا کہ شہباز شریف نے جہاں اپنے حلف کی خلاف ورزی کی وہیں وہ صادق اور امین بھی نہیں رہیں لہٰذا تحریک انصاف سمجھتی ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے عہدے پر برقرار رہنے کا کوئی حق نہیں رکھتے اس لئے آج پنجاب اسمبلی کے سپیکر کو وزیر اعلیٰ کی نا اہلی کا ریفرنس پیش کرینگے۔ اس موقع پر اعجاز احمد چودھری نے کہا کہ چودھری اور اتفاق شوگر ملز کے مالکان میں میاں محمد نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، حسن نواز، حسین نواز، کلثوم بیگم، حمزہ شہباز شامل ہیں۔