کراچی میں دہشت گردوں کو سر اٹھانے کا موقع نہیں دیں گے، آرمی چیف

قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر قائد میں قیام امن کے لئے کام کرتے رہیں گے ،شہر سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا،قیادت کی تبدیلی سے پالیسی میں کوئی فرق نہیں آئے گا ،سی پیک میں کراچی کی اہمیت واضح ہے، جوانوں کا کراچی کو دہشت گردوں اور مجرموں سے پاک کرنے کا عزم قابل تعریف ہے، شہر میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے امن و امان کی فضاء کو سازگار بنایا جائے گا، کراچی میں تجارتی سرگرمیوں کی بحالی قومی اور سماجی ذمہ داری ہے سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کا کراچی کے دورے کے موقع پر افسروں وجوانوں سے خطاب اور تاجروں سے گفتگو کور اور رینجرز ہیڈ کوارٹر میں آرمی چیف کو تفصیلی بریفنگ دی گئی، جنرل باجوہ نے رینجرز کی کارکردگی کو سراہا ،آئی ایس پی آر

جمعرات 19 جنوری 2017 20:07

کراچی/راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2017ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر قائد میں قیام امن کے لئے کام کرتے رہیں گے اورشہر سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا،قیادت کی تبدیلی سے پالیسی میں کوئی فرق نہیں آئے گا ،سی پیک میں کراچی کی اہمیت واضح ہے، کوئی اس خیال میں نہ رہے کہ کراچی میں دہشت گردوں کو سراٹھانے کا موقع دیں گے، جوانوں کا کراچی کو دہشت گردوں اور مجرموں سے پاک کرنے کا عزم قابل تعریف ہے، شہر میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے امن و امان کی فضاء کو سازگار بنایا جائے گا، کراچی میں تجارتی سرگرمیوں کی بحالی قومی اور سماجی ذمہ داری ہے۔

جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی کا دورہ کیا جہاں انھوںنے یادگار شہداء پر حاضری دی ‘ پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

(جاری ہے)

آرمی چیف کو کور اور رینجرز ہیڈ کوارٹر میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔آرمی چیف نے کراچی میں حالات معمول پر لانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر آپریشن کرنے پر رینجرز کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ ‘ اغواء برائے تاوان اور دہشت گردی میں قابل ذکر کمی آئی ہے۔

انھوںنے کہاکہ کراچی میں پائیدار امن کے قیام کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ آرمی چیف نے کہا کہ فوج ایک ریاستی ادارے کے طور پر کراچی آپریشن میں مصروف تمام حکومتی اداروں خاص طور پر سندھ پولیس ر سول انتظامیہ کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی ۔ آرمی چیف نے افسران اور جوانوں سے خطاب بھی کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ جوانوں کا کراچی کو دہشت گردوں اور مجرموں سے پاک کرنے کا عزم قابل تعریف ہے۔

آرمی چیف نے سیکیورٹی فورسز کی حمایت پر کراچی کے شہریوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ بعدازں کراچی کے تاجروں نے بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقا ت میں آرمی چیف نے کہاکہ شہر میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے امن و امان کی فضاء کو سازگار بنایا جائے گا۔ کراچی میں تجارتی سرگرمیوں کی بحالی قومی اور سماجی ذمہ داری ہے۔

کراچی پہنچنے پر آرمی چیف کا کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے استقبال کیا۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے کراچی کے تاجروں اور صنعت کاروں پر مشتمل 40 رکنی وفد نے ملاقات کی۔ 2 گھنٹے جاری رہنے والی ملاقات میں کراچی کے مسائل اور موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران تاجر رہنماؤں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے شکایت کی کہ شہر کے حالات تاجروں کے لئے سازگار نہیں، کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنادیا گیا ہے جبکہ صوبائی حکومت بھی اپنی ذمہ داریاں پورے طریقے سے نہیں نبھا رہی۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ خطے کے تمام ممالک سے تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں، تاجر اور صنعت کار ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، قیادت کی تبدیلی سے پالیسی میں کوئی فرق نہیں آئے گا، سی پیک میں کراچی کی اہمیت واضح ہے، کوئی اس خیال میں نہ رہے کہ کراچی میں دہشت گردوں کو سراٹھانے کا موقع دیں گے۔انھوں نے کہاکہ شہر میں قیام امن کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے کام کررہے ہیں، کراچی آپریشن جاری ہے اور یہ شہر سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔