وزیراعظم محمد نوازشریف اورسیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے درمیان ملاقات

ملاقات میں مسئلہ کشمیر،خطے کی سکیورٹی صورتحال اورباہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال،وزیراعظم کی انتونیوگٹریس کودورہ پاکستان کی دعوت،مسئلہ کشمیرکےحل کیلیے بھارت کومذاکرات کی دعوت دی،بھارت نے غیرذمہ دارانہ بیانات سے مذاکرات نہ کرنے کااشارہ دیا۔وزیراعظم نوازشریف کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 19 جنوری 2017 19:30

ڈیووس (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19جنوری2017ء) :وزیراعظم محمد نوازشریف نےسیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گٹریس سے ملاقات کی،جس میں مسئلہ کشمیر،خطے کی سکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیاگیا، وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماوں میں ملاقات ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ہوئی۔

اس موقعہ پرگفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ آپ سے منصب سنبھالتے ہی ملاقات پرخوشی ہے۔

(جاری ہے)

آپ کی ترجیحات بھی حوصلہ افزا ہیں۔ نوازشریف نے کہا کہ ہم خطے میں پائیدارامن اورسلامتی کیلئے پرعزم ہیں۔ اقتصادی تعاون کیلئے سازگارماحول چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ کشمیراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے ۔مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے بھارت کو بات چیت کی دعوت دی۔ بھارت نے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے مذاکرات نہ کرنے کا اشارہ دیا ہے۔نوازشریف نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کمشنر برائے پناہ گزین کے طور پر آپکے کردار کے معترف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 21ویں صدی کے تقاضوں پر پورا اترنے کیلیے نئی قیادت کی ضرورت ہے۔