کراچی میں پائیدار امن کیلئے کوششیں بلارکاوٹ جاری رہیں گی،جنرل قمر جاوید باجوہ

پاک فوج آپریشن میں شامل تمام حکومتی اداروں بالخصوص سندھ پولیس اور سول انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی،آرمی چیف سربراہ پاک فوج کو کو کورز اینڈ رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں تفصیلی بریفنگ دی گئی

جمعرات 19 جنوری 2017 20:21

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2017ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کراچی میں پائیدار امن کیلئے کوششیں بلارکاوٹ جاری رہیں گی، پاک فوج آپریشن میں شامل تمام حکومتی اداروں بالخصوص سندھ پولیس اور سول انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کو کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

آرمی چیف کو کورز اینڈ رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ مل کر کئے گئے رینجرز کے آپریشنز کو سراہا جن کے نتیجہ میں کراچی میں صورتحال معمول پر آ چکی ہے اور خاص طور پر دہشتگردی ،ٹارگٹ کلنگ اور اغواء برائے تاوان کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پائیدار امن کیلئے کوششیں بلا رکاوٹ جاری رہیں گی۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج ایک ادارے کے طور پر کراچی آپریشن میں شامل تمام حکومتی اداروں بالخصوص سندھ پولیس اور سول انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔ افسروں اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے شہر کو دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کیلئے انکے عزم اور حوصلے کو سراہا ۔ چیف آف آرمی سٹاف نے سیکیورٹی فورسز کی حمایت پر کراچی کے شہریوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

بعد ازاں کراچی کی تاجر برادری نے آرمی چیف سے کورز ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے سے کاروبار اور سرمایہ کاری سے تاجر مستفید ہوتے رہیں گے ۔ قبل ازیں کراچی آمد پر کمانڈر فائیو کور لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔