خیبر ایجنسی میں انسداد پولیو مہم 23 جنوری 2017 سے شروع کرنے کے فیصلے پر اتفاق

ای او سی فاٹا نے خیبر ایجنسی ،وانا میں بھی متعلقہ عملے کی تیاریوں کا جائزہ لیا

جمعرات 19 جنوری 2017 20:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2017ء) فاٹا میں کامیاب انسداد پولیو مہم کا جائزہ لیتے ہوئے ایمرجنسی آپریشن سنٹر (فاٹا) نے ایجنسی انسداد پولیو کمیٹی اے پی ای سی کا 23 جنوری 2017 کو خیبر ایجنسی میں انسداد پولیو مہم شروع کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے ای او سی فاٹا نے نہ صرف خیبر ایجنسی بلکہ جنوبی وزیرستان کی وانا تحصیل میں میں بھی متعلقہ عملے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

سارے فاٹا میں انسداد پولیو مہم 16 جنوری 2017 کو شروع کر دی گئی تھی تاہم خیبرایجنسی اور جنوبی وزیرستان کے وانا تحصیل میں انسداد پولیو مہم انتظامی وجوہات کی وجہ سے روک دی گئی تھی۔ایجنسی انسداد پولیو کمیٹی کا اجلاس خیبر ہاؤس میں منعقد ہوا جسمیں ایڈیشنل پولیٹیکل ایجنٹ،ایجنسی سرجن اور عالمی ادارہ صحت، یونیسف اور سیکورٹی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں خیبر ایجنسی میں انسداد پولیو مہم کا 23 جنوری، 2017 سے شروع کرنے کے فیصلے پر اتفاق کیا گیا اور ایمرجنسی آپریشن سینٹر فاٹا سے اس حوالے سے تیاریاں مکمل کرنے کا کہا گیا۔ کمیٹی کے شرکا نے سارے فاٹا، بشمول خیبر ایجنسی، میں کمیونٹی موبلائزیشن کی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اور انہوں نے خیبرایجنسی میں حکومت پاکستان کی جانب سے پولیو کے خاتمے کے لیے شروع کیے گئے اقدامات میں علاقائی مشران اور ملکان کی غیر مشروط حمایت کا شکریہ ادا کیا۔

حالیہ جنوری میں خیبر ایجنسی میں ہونے والے خصوصی جرگوں میں بڑی تعداد میں شرکت کرنے والے مقامی عمائدین، ملکان اور مشران نے پولیو پروگرام کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ اجلاس کے دوران ایڈیشنل پولیٹیکل ایجنٹ نے شراکت دار اداروں کو خیبر ایجنسی میں انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کو سیکورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی.حالیہ گونر ہاوس میں منعقد ہونے والے فاٹا کی پولیو ٹاسک فورس کے اجلاس میں گورنر خیبر پختونخواہ انجنیر اقبال ظفر جھگرا نے کہا فاٹا میں پولیو کا خاتمہ تقریبا ہو چکا ہے اور آئندہ چلائی جانے والی انسداد پولیو مہمات کے معیارمیں بہتری اور فاٹا میں ہر بچہ تک رسائی کے ذریعے پولیو کے مکمل خاتمے کو حقیقت میں تبدل کیا جا سکتا ہے۔

فاٹا کی پولیو ٹاسک فورس کے اجلاس میں موجود وزیراعظم کی پولیو کے لیے فوکل پرسن سینٹر آئشہ رضا فاروق نے بھی نئے سال کے لئے مقرر اہداف کی یاد دھانی کراتے ہوئے کہا ہم اپنے مقصد کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں مگر ہمیں اپنی رفتار کم نہیں کرنا چاہیے۔ بلکہ پولیو وائرس کو مارچ 2017 تک ہر صورت چت کرنے کے لیے نئے سال کی ا?ئندہ تین مہمات بہترین معیار کے ساتھ چلانا ہو گی اور پولیو خاتمے کو تین سال تک برقرار رکھنے کی بھی یقین دہانی کرنا ہو گی۔

دسمبر 21، 2016 کے تناظر میں خیبر ایجنسی سے اٹھائے گئے ویکسین کی ٹیسٹ رپورٹ نیشنل کنٹرول لیبارٹری نے شائع کر دی جسمیں ویکسین کو صاف اور محفوظ کرار دے دیا گیا ہے۔ ٹیسٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کے ویکسین میں کوئی زہریلا مواد ، آلودگی یا بیکٹیریا نہیں پایا گیا، بلکہ ویکسین پر کیے گئے سارے متعلقہ ٹیسٹ ٹھیک نکلے اور ویکسین صاف اور محفوظ پائی گئی۔

متعلقہ عنوان :