کراچی، فاروق ستار سمیت 10 رہنماوں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا حکم

جمعرات 19 جنوری 2017 20:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2017ء) کراچی کی مقامی عدالت نے وزیر اعلی ہائوس کے باہر احتجاجی مظاہرے کے دوران ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے اور لاوڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی سے متعلق کیس میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار سمیت 10 مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دے دیاہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کوکیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ہوئی جہاں ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہارالحسن،محفوظ یار خان پیش ہوئے جبکہ مئیر کراچی وسیم اختر کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے تینوں رہنمائوں کی عبوری ضمانت میں 15فروری تک توسیع کردی ۔

عدالت نے کیس میں مفرور ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار،خالد مقبول صدیقی سمیت 10رہنمائوں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دے دیا۔ملزمان کے خلاف تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 15فروری تک ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :