بلدیاتی نمائندوں کی معاونت سے تعمیر وترقی اور عوامی خدمت کے مشن کو مزید تیز کرنے میں مدد ملے گی، صوبائی وزیر

جمعرات 19 جنوری 2017 20:54

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2017ء) صوبائی وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کی معاونت سے تعمیر وترقی اور عوامی خدمت کے مشن کو مزید تیز کرنے میں مدد ملے گی اورعلاقائی خوشحالی کے لئے ترقیاتی پروگرام کے بہتر نتائج حاصل ہوں گے۔انہوں نے یہ بات میونسپل کمیٹی تاندلیانوالہ کے چیئرمین چوہدری محمدسعید اوروائس چیئرمین میاں طاہر یوسف کی قیادت میں بلدیاتی نمائندوں سے ملاقات کے دوران کہی۔

ارکان صوبائی اسمبلی جعفر علی ہوچہ، محمدنواز ملک، سابق ایم پی اے شاہد خلیل نور،چیئرمین ضلع کونسل چوہدری زاہد نذیر اور دیگر پارٹی کارکن بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر قانون نے عوامی خدمت کے سلسلے میں بلدیاتی نمائندوں کے بھرپور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ نچلی سطح پر لوگوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں جن کے حل کیلئے ان کی تجاویز کو مقدم رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں حکومت پنجاب بے حد پرعزم ہے۔انہوں نے بلدیاتی نمائندوں سے کہا کہ وہ عوام سے قریبی رابطہ کو مضبوط بنائیں اوربنیادی سہولتوں کی فراہمی میں وسعت لانے کیلئے اپنی ترجیحات متعین کریں تاکہ عوام کے انتہائی ضرورت کے منصوبوں کا ترجیحی بنیادوں پر اجراء کیا جاسکے۔صوبائی وزیرقانون نے کہا کہ صوبہ بھر میں بلدیاتی نمائندوں اور اراکین پارلیمنٹ کی مشاورت سے مزید میگا پراجیکٹس کا اجراء کیا جائے گا تاکہ عوام کو دورجدید کی ترقیاتی سہولتیں میسر آسکیں۔

انہوں نے چیئرمین ضلع کونسل سے کہا کہ وہ خادم پنجاب رورل روڈز پروگرام اور کسان پیکج کے تحت کاشتکاروں کو مراعات وسہولیات کی فراہمی کے اقدامات پر گہری نظر رکھیں تاکہ دیہی ترقی اور زرعی معیشت کے استحکام کے منصوبوں پر عملدرآمد میں کوئی تعطل نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ دیہاتوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت دیہی عوام کے دیگر مسائل تیزی سے حل کرنے کے لئے موثر حکمت عملی کے تحت کام کیا جائے ۔چیئرمین ضلع کونسل چوہدری زاہد نذیراوردیگر بلدیاتی نمائندوں نے صوبائی وزیرقانون راناثناء اللہ خاں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ تعمیر وترقی اور عوامی بہبود کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کے ویژن کی تکمیل میں اپنابھرپور کردار اداکریں گے۔

متعلقہ عنوان :