قیدیوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں:ملک احمد یار ہنجرا

صوبہ بھر میں 5نئی جیلوں اور ساڑھے چارہزار سے زائد اضافی ٹوائلٹس کی تعمیر،34جیلوں میں قیدیوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب جیلوں میں قائم ہسپتالوں میں جدید میڈیکل آلات سمیت بیمارقیدیوں کی ہسپتال منتقلی کیلئے 16نئی ایمبولینسز کی فراہمی صوبائی وزیر جیل خانہ جات کا آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر کے ہمراہ کیمپ جیل کے دورہ کے موقع پر خطاب

جمعرات 19 جنوری 2017 21:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2017ء) صوبائی وزیر جیل خانہ جات ملک احمد یار ہنجرا نے کہا ہے کہ قیدیوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ قیدیوں کی سہولت کیلئے صوبہ بھر میں 5نئی جیلوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ صحت و صفائی کو مزید بہتر بنانے کیلئے ساڑھے چارہزار سے زائد اضافی ٹوائلٹس کی تعمیر جبکہ34جیلوں میں قیدیوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کیے جا چکے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کیلئے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں۔یہ بات انہوں نے آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر کے ہمراہ کیمپ جیل کے دورہ کے موقع پرکہی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر جیل خانہ جات نے کیمپ جیل کے دورہ کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اورکسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے عملے کو چوکنارہنے کی ہدایات جاری کیں۔

سپرنٹنڈنٹ کیمپ جیل اسد وڑائچ نے صوبائی وزیر اور آئی جی فاروق نذیر کو مختلف امور پر بریفنگ دی۔صوبائی وزیر نے کیمپ جیل میںمختلف بیرکس،ہسپتال اورباورچی خانے کا معائنہ کیا اور انتظامات کو تسلی بخش قراردیا۔صوبائی وزیر نے اسیران کے مسائل سنے انہوں نے اسیران کے مسائل کو فوری حل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے قیدی بچوں کے سکول میں تدریس کے عمل کا معائنہ کیا اور بچوں سے مختلف سوالات بھی کیے۔

انہوں نے کہا کہ جیلوں میں قائم ہسپتالوں میں مختلف جدید میڈیکل آلات مہیا کئے گئے ہیںجبکہ قیدیوں کی ہسپتال منتقلی کیلئے 16نئی ایمبولینسز بھی خریدی گئی ہیںتا کہ بیمار قیدیوں کے علاج معالجہ میں کوئی کمی نہ آئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے قیدیوں کے اہل خانہ سے ملزموں کی با عزت ماحول میں ملاقات کیلئے انتظار گاہوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ سنٹرل جیل لاہور ، فیصل آباد اور ملتان کی جیلوں میں فیملی رومز بھی تعمیر کروائے ہیں۔ (سعید)

متعلقہ عنوان :