صدر اوباما عافیہ کے ساتھ ناانصافی کا کفارہ ادا نہیں کرسکتے تو رہا کرکے انصاف پسندی کا تاثر قائم کریں

پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور کا احتجاجی مظاہرے سے خطاب

جمعرات 19 جنوری 2017 21:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جنوری2017ء) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا ہے کہ معصوم اور بے گناہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے ساتھ 14سالوں سے کی جانے والی ناانصافی کا کفارہ اگر امریکی صدر اوباما ادا نہیں کرسکتے تو کم از کم آخری روز ڈاکٹر عافیہ کو رہا کریں،تاکہ نہ صرف امت مسلمہ بلکہ دنیا بھر میں انصاف پسند، امن پسند اور جمہوریت پسند عوام کے ذہنوں میں آپ کے بارے میں اچھا تاثر قائم ہوسکے۔

حکومت پاکستان کا عافیہ کے لئے محض ایک خط نہ لکھنا اور دانستہ اس موقع کو بھی ضائع کردینا شرمناک اور اعلیٰ درجہ کی بے غیرتی ہے۔ عافیہ کی رہائی میں حکومت خود رکاوٹ بن گئی ہے۔ وہ پاسبان کراچی کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب کے باہر پاسبان کے احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے مسلم لیگی حکومت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ڈاکٹر عافیہ کے ساتھ غداری کو قوم کے ساتھ غداری قرار دیتے ہوئے غم و غصہ کا اظہار کیا۔

اس موقع پر پاسبان کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرین نے ڈاکٹر عافیہ کے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر پاسبان کراچی کے جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار ، سینئر رہنما اکرم آگریا، عابد بلوچ، ڈاکٹر عذرا ، سیف الاسلام بخاری ، جاوید اقبال و دیگر بھی موجود تھے۔ الطاف شکور نے کہا کہ میاں نواز شریف اور اٴْن کے ساتھیوں کے لئے اس سے زیادہ بے شرمی اور بے غیرتی کا مظاہرہ نہیں ہوسکتا کہ عافیہ کی وطن واپسی کے ایک اور سنہری موقع کو دیدہ دانستہ ضائع کردیا گیا۔

الطاف شکور نے کہا کہ دنیا بھر کے حکمرانوں کی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں۔ کئی ہزار سالہ تاریخ میں ایسے حکمران نہیں ملیں گے جو اپنی قوم کی بیٹی کے ساتھ ناانصافی پر خود پر بے حسی طاری کرکے بیٹھے رہے ہوں۔ ڈاکٹر عافیہ کو ئی بڑا مسئلہ نہیں تھی۔ حکومت خو د اس میں رکاوٹ بن گئی۔ الطاف شکور نے کہا کہ ایک امریکی سینیٹر نے کہا تھا کہ پاکستانی وہ قوم ہے جو چند ڈالروں کے عوض اپنی ماں کو بیچ دیتے ہیں اور آج حکمرانوں نے اس بات کو سچ ثابت کر دکھایا ہے۔

الطاف شکور نے کہا کہ کتنے دکھ اور افسوس کا مقام ہے کہ سیاستدان پاناما لیکس کے حوالے سے سرگرم رہے لیکن انہیں قوم کی بیٹی عافیہ کا معاملہ اہم نظر نہیں آتا۔ ڈاکٹر عافیہ کے معاملے پر خاموشی اختیار کرنا اور لب کشائی نہ کرنا شرمناک ہے۔ امریکی صدر نے جاتے جاتے کئی کئی قتل اور دھماکے کرنے والے مجرم رہا کردیئے۔ قوم کی بیٹی عافیہ صدیقی پر تو امریکی عدالت میں جرم بھی ثابت نہیں ہوا تھا۔

متعلقہ عنوان :