بلاول بھٹو زرداری کو سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں اس لئے پنجاب کے حکمران ہوش کے ناخن لیں، مولا بخش چانڈیو

جلسہ گاہ کے آ س پاس بجلی بند کر دینا کہاں کی سیاست ہے، جلسہ گاہ کے اطراف میں بجلی بند کرنے سے دہشت گردوں کی حوصلہ افزا ئی ہو گی

جمعرات 19 جنوری 2017 21:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2017ء) پی پی پی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات و مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے فیصل آباد میں پیپلز پارٹی کے جلسہ کے موقع پرجلسہ گاہ کے اطراف کی بجلی بند کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میںمولابخش چانڈیو نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں اس لئے پنجاب کے حکمران ہوش کے ناخن لیں۔

(جاری ہے)

مولابخش چانڈیو نے سوال کیا کہ جلسہ گاہ کے آ س پاس بجلی بند کر دینا کہاں کی سیاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ گاہ کے اطراف میں بجلی بند کرنے سے دہشت گردوں کی حوصلہ افزا ئی ہو گی،پیپلز پارٹی کے جلسہ میں اندھیرا کرکے حکمران بتارہے ؂ہیں کہ ان کا مستقبل اب تاریک ہوگیا ہے مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ بجلی کے بحران کو ختم کرنے کے دعویدار ن۔لیگ کے حکمران کہاں چھپ گئے ہیں مولابخش چانڈیو کاکہنا ہے کہ پیپلز پارٹی، نواز لیگ کے اندھیروں سے ڈرنے والی نہیں ،ہم نے ہمیشہ قربانیاں دے کر عوام کے لیے اجالے پیدا کیے ہیں۔