سی پیک منصوبہ مکمل روڈ میپ کے تحت بنایاجارہا ہے، احسن اقبال

توانائی منصوبوں میں 35ارب ڈالر کاکوئی قرضہ نہیں، 15ارب ڈالرچین انتہائی آسان شرائط پر قرض دے رہا ہے منصوبے تیزی سے مکمل ہورہے ہیں، ٹیکنیکل ڈیزائن کے تحت منصوبے سی پیک میں شامل کیے جارہے ہیں،نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعرات 19 جنوری 2017 23:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2017ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احست اقبال نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ مکمل روڈ میپ کے تحت بنایاجارہا ہے، توانائی منصوبوں میں 35ارب ڈالر کاکوئی قرضہ نہیں، 15ارب ڈالرچین انتہائی آسان شرائط پر قرض دے رہا ہے، منصوبے تیزی سے مکمل ہورہے ہیں، ٹیکنیکل ڈیزائن کے تحت منصوبے سی پیک میں شامل کیے جارہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔احسن اقبال کا کہنا تھاکہ چین کی معاونت کے بعدمنصوبے پایہ تکمیل تک پہنچ رہے ہیں، ہماری لانگ ٹرم منصوبہ بندی 2030تک ہے، سی پیک کی وجہ سے سرمایہ کارپلانٹ لگارہے ہیں،احسن اقبال نے مزید کہا کہ سی پیک کی وجہ سے سیمنٹ انڈسٹری اپنی پیداواربڑھارہی ہے، توانائی منصوبوں میں 35ارب ڈالر کاکوئی قرضہ نہیں، 15ارب ڈالرچین انتہائی آسان شرائط پر قرض دے رہا ہے، چین کیساتھ ہائیڈل اور کول پروجیکٹس پرزیادہ توجہ دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی خریدکرریکوری کریں گے اورادائیگیاں کی جائیں گی، ماضی کی غلطیوں کی وجہ سے سیکیورٹی کی قیمت چکانا پڑرہی ہے، احسن اقبال کاکہناتھاکہ سیکیورٹی کیلیے ایک فیصدلاگت منصوبے میں شامل کی گئی ہے، گوادرمیں پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلیے پلانٹ لگائے جائیں گے، گوادرمیں آئندہ ایک سے دوبرس میں پانی کے مسئلے کوحل کرلیاجائیگا، گوادرمیں ڈیم کامنصوبہ بھی جلد مکمل کرلیاجائیگا، چین پاکستان کیساتھ دوستی کاحق ادا کررہا ہے، پاکستان چین کیلیے اسٹریٹیجک پارٹنر ہے۔ ۔۔۔(ولی)