مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی سیکرٹری جنرل او آئی سی سے ملاقات، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا

سیکرٹری جنرل او آئی سیکا مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر اظہار تشویش، آزاد انسانی حقوق کمیشن مارچ میں مقبوضہ جموں کشمیرجائیگا، ڈاکٹر یوسف

جمعرات 19 جنوری 2017 23:04

کوالالمپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جنوری2017ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف سے ملاقات کی ہے جس میں مشیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل او آئی سی کو مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کوالالمپور میں اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے سکیرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف سے ملاقات کر کے انہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا، مشیر خارجہ نے سکیرٹری جنرل او آئی سی کو کہا کہ بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقو ق کے وفد کے دورے کی اجازت لی جائے ، اس دوران سیکرٹری جنرل او آئی سی ڈاکٹر یوسف نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ او آئی سی کا آزاد انسانی حقوق کمیشن مارچ میں مقبوضہ جموں کشمیرجائیگا۔