مشرقی افغانستان میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں داعش کے چارارکان ہلاک ، قندھار میں چیک پوسٹ پر طالبان کے حملے میں دو پولیس اہلکار ہلاک،5زخمی

جمعہ 20 جنوری 2017 12:09

کابل ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) مشرقی افغانستان میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں داعش کے چارارکان ہلاک ہوگئے، قندھار میں ایک چیک پوسٹ پر طالبان کے حملے میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور5زخمی ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق حکام نے بتایا کہ گزشتہ روز ننگرہارکے ضلع آچین میں امریکی جاسوس طیارے نے ایک مشتبہ ٹھکانے کو نشانہ بنایا ،اس کارروائی میں شدت پسند تنطیم داعش کے 4جنگجو ہلاک ہوگئے۔

کارروائی بندرخوڑ کے مقام پر ہوئی۔

(جاری ہے)

حکام نے اس ضمن میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔قندھار میں ایک چیک پوسٹ پر طالبان کے حملے میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور5زخمی ہوگئے۔حکام نے بتایا کہ طالبان نے میوند کے علاقہ میں ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا ،طالبان کی اس کارروائی میں دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔دریں اثناء مشرقی صوبہ ننگرہارمیں گزشتہ تین ماہ کے دوران مختلف کارروائیوں میں 251 عسکریت پسندوں کی ہلاکت کادعویٰ کیا گیاہے۔صوبائی پولیس چیف کے مطابق یہ کارروائیاں کوٹ ،آچین اورملحقہ علاقوں میں کی گئی۔