دختران ملت کی طرف سے آسیہ اندرابی کی مسلسل نظربندی کی شدید مذمت

کشمیری شہداء کی قربانیوںکی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے‘ناہیدہ نسرین

جمعہ 20 جنوری 2017 12:36

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیرمیںدختران ملت نے پارٹی کی سربراہ آسیہ اندرابی کو مسلسل گھر میں نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ حریت رہنماء گزشتہ ماہ جیل سے رہائی کے بعد سے مسلسل گھر میں نظربند ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے 21دسمبر کو بارہمولہ جیل سے رہائی کے فورا بعدآسیہ اندرابی کو گھرمیںنظربند کردیا تھا جس کے بعد سے وہ مسلسل نظر بندہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی سربراہ کی تمام سیاسی سرگرمیوں اور نقل و حرکت پر پابندی عائد ہے اور مسلسل گھر میںنظربندی کی وجہ سے انکی صحت تیزی سے بگڑ ررہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ وہ دمے کے مرض میں مبتلا ہیں اور مسلسل نظربندی اور علاج معالجے سے محرومی کیوجہ سے انکی صحت تیزی سے گر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

ناہیدہ نسرین نے بھارت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ کو خبردار کیاکہ اگر ان کے ساتھ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اسکی تمام تر ذمہ داری ان پر عائد ہو گی ۔

انہوںنے کہاکہ آسیہ اندرابی کی زندگی سے کھلواڑ کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ناہیدہ نسرین نے بانڈی پورمیں گزشتہ روز بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوان کوزبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری شہداء کی قربانیوںکی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں ۔