اوگرا ،نیپرا،پیپرا سمیت پانچ خود مختار اداروں کو وفاقی وزارتوں کے ماتحت کرنے کے اقدام کے خلاف دائردرخواست ،اٹارنی جنرل کو پیش ہونے کا آخری موقع ، سماعت ملتوی

جمعہ 20 جنوری 2017 17:25

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے اوگرا ،نیپرا،پیپرا سمیت پانچ خود مختار اداروں کو وفاقی وزارتوں کے ماتحت کرنے کے اقدام کے خلاف دائردرخواست پراٹارنی جنرل کو پیش ہونے کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار شیراز ذکاء ایڈووکیٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت نے قانونی طریقہ کار کے برعکس نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے اوگرا،،نیپرا ،،پی ٹی اے سمیت پانچ خود مختاراداروں کی حیثیت کو ختم کردیا۔

انہوں نے کہا وفاقی وزارتوں میں ضم کئے گئے پانچ خود مختار اداروں کو وزارتوں کے ماتحت کرنے سے قبل مشرکہ مفادات کونسل اور کابینہ سے منظوری حاصل نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل اورکابینہ کی منظوری کے بغیر جاری کردہ نوٹیفیکیشن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ وفاقی اداروں کو وزارتوں کے ماتحت کرنے سے متعلق کئے جانے والے نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔

سرکاری وکلاء نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حکومت نے مشترکہ مفادات کونسل اورکابینہ کی منظوری کے بعدنوٹیفیکیشن جاری کیا۔جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ اس معاملے کو مشترکہ مفاد کونسل میں زیر بحث لانا قانونی تقاضا تھا یا نہیں۔عدالتی حکم کے باوجود پیش نہ ہونے پر عدالت نے اٹارنی جنرل کو پیش ہونے کا آخری موقع دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت تیس جنوری تک ملتوی کر دی۔