سندھ ہائی کورٹ ،اقبال کاظمی کی گمشدگی سے متعلق دائر درخواست پر ڈی جی رینجرز ،آئی جی سندھ سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری

جمعہ 20 جنوری 2017 17:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2017ء) سندھ ہائی کورٹ نے پاکستا ن قومی موومنٹ کے چیئرمین اقبال کاظمی کی گمشدگی سے متعلق دائر درخواست پر ڈی جی رینجرز ،آئی جی سندھ سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا ہے ۔جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس فاروق شاہ پر مشتمل دو رکنی بینچ کی عدالت میں پاکستان قومی موومنٹ کے چیئرمین اقبال کاظمی کی گمشدگی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار اقبال کاظمی کی اہلیہ نے دائر کردہ آئینی درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ اقبال کاظمی گزشتہ تین یوم سے گمشدہ ہیں ۔اقبال کاظمی کو شاہراہ فیصل سے حراست میں لیا گیا تھا اب تک ان کی گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی اور نہ ہی ان کے بارے میں کوئی معلومات مل سکی ہیں ۔ اقبال کاظمی کئی امراض میں بھی مبتلا ہیں ۔ان کو پہلے بھی دھمکیاں موصول ہو رہی تھیں۔ عدالت سے استدعا ہے کہ اقبال کاظمی کو فوری بازیاب کرایا جائے۔ عدالت نے درخواست گزار کا موقف سنتے ہوئے ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔

متعلقہ عنوان :