غیر معمولی حالات اور انصاف کے فوری حصول کے لئے فوجی عدالتوں کی بحالی ملک اور شہر کی ترقی کی راہ میں معاون ثابت ہوں گی، صدر کاٹی

افواج پاکستان کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے تاجر و صنعتکاروں کی ملاقات نہائت مفید رہی اور تاجر و صنعتکاروں میں پائے جانے والے ابہام کا خاتمہ ممکن ہوا، بیان

جمعہ 20 جنوری 2017 18:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2017ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر مسعود نقی نے کہا کہ غیر معمولی حالات اور انصاف کے فوری حصول کے لئے فوجی عدالتوں کی بحالی ملک اور شہر کی ترقی کی راہ میں معاون ثابت ہوں گی نیز دہشتگردی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث افراد اپنے کیفر کردار کو پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کے روز ہونے والی افواج پاکستان کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے تاجر و صنعتکاروں کی ملاقات نہائت مفید رہی اور تاجر و صنعتکاروں میں پائے جانے والے ابہام کا خاتمہ ممکن ہوا ، تاجر و صنعتکار ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، آپریشن کے نتیجے میں شہر کراچی میں معمولات زندگی اور معاشی سرگرمیاں بحال ہوئیں بلکہ دہشت گردی ، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی۔

(جاری ہے)

دہشت گرد اور امن دشمن عناصر کے خاتمے تک شہر میں کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ مسعود نقی نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد کے لیے افواج پاکستان کی خدمات قابل رشک ہیں ؂ اور اس کے نتیجے میں خطے میں تجارتی سرگرمیوں کے لیے پیدا ہونے والے مثبت امکانات باعث اطمینان ہیں۔ شہر میں امن و امان کے قیام سے کاروباری سر گرمیوں اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، اس کے علاوہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کارے کی طرف راغب ہوں گے۔

ملک اور خصوصاً معاشی حب کراچی کے لئے امن کے قیام کے لئے افواج پاکستان کی خدمات شاندار اور قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کراچی آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا اور مستقبل میں بھی امن مخالف عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے تاجر و صنعتکاروں کی بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔