ایک سال گزرنے کے باوجود باچا خان یونیورسٹی میں دہشتگردی سے شہید ہونے والوں کے ورثاء سے وفاقی اور خیبرپختونخوا کی حکومتوں نے انصاف نہیں کیا‘پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر روبینہ خالد کا بیان

جمعہ 20 جنوری 2017 19:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جنوری2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ ایک سال گزرنے کے باوجود باچا خان یونیورسٹی میں دہشتگردی سے شہید ہونے والوں کے ورثہ سے وفاقی اور خیبرپختونخوا کی حکومتوں نے انصاف نہیں کیا۔ اپنے ایک بیان میں روبینہ خالد نے کہا کہ باچا خان یونیورسٹی کے شہید طلبا کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے اور خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت ہے جس نے ایک مدرسے کو 30 کروڑ روپے دئیے مگر ان کے پاس دہشتگردی سے متاثر ہونے والے خاندانوں کو معاوضہ دینے کے لئے کوئی رقم نہیں۔

سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ متاثرین کو معاوضہ دینا ان کے بچوں کی جانوں کا نعم البدل نہیں ہو سکتا مگر یہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ متاثرین کی مالی امداد کرکے اپنا فرض پورا کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی دہشتگردی سے متاثر خاندانوں کے دکھ میں شریک ہے۔ اگر خیبرپختونخوا کی حکومت نے متاثرین کے ساتھ انصاف نہیں کیا تو پاکستان پیپلزپارٹی اقتدار میں دہشتگردی سے متاثرین سے مکمل انصاف کرے گی۔ روبینہ خالد نے کہا کہ بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ دہشتگردوں کے مارے جانے پر آنسو بہانے والے وفاق اور کے پی کے میں حکومت کر رہے ہیں اس لئے ان کی دہشتگردی سے متاثرین سے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔