چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ کا سنٹرل پولیس آفس کا دورہ

جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مانیٹرنگ روم کا جائزہ لیا

جمعہ 20 جنوری 2017 19:10

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے جمعہ کو سنٹرل پولیس آفس(آئی جی آفس ) پنجاب کا دورہ کیا۔ اس موقع پر عدالت عالیہ لاہور کے سینئر جج جسٹس محمد یاور علی، جسٹس سید محمد کاظم رضا شمسی، جسٹس عبد السمیع خان، جسٹس صداقت علی خان اور رجسٹرار سید خورشید انور رضوی بھی فاضل چیف جسٹس کے ہمراہ تھے۔

سنٹرل پولیس آفس پہنچنے پر انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا اور دیگر پولیس افسران نے فاضل چیف جسٹس اور ججز کا پرتپاک استقبال کیا. چیف جسٹس نے سنٹرل پولیس آفس میں قائم پولیس کمپلینٹ سنٹر(8787 )کا دورہ کیا، فاضل چیف جسٹس کو بتایا گیا کہ پورے پنجاب سے شہری اپنی شکایات 8787 پر کال یا ایس ایم ایس کر کے ریکارڈ کروا سکتے ہیں، آئی جی پنجاب نے مزید بتایا کہ پولیس کے خلاف کرپشن، تشدد یا حبس بے جا سمیت کسی بھی قسم کی شکایات پولیس کمپلینٹ سنٹر میں درج کروائی جاسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

فاضل چیف جسٹس نے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مانیٹرنگ روم کا بھی جائزہ لیا جہاں پنجاب کے تمام تھانوں میں قائم فرنٹ ڈیسک کی مانیٹرنگ کی جاتی ہے، مانیٹرنگ روم میں جرائم پیشہ عناصر کے فزیکل و بائیومیٹرک ریکارڈ کے علاوہ پنجاب پولیس کے تمام دو لاکھ ملازمین و افسران کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔ مزید برآں فاضل چیف جسٹس کو ہوٹل آئی سسٹم سے متعلق بھی بتایا گیا جس کے تحت اشتہاریوں اور مجرموں کی پنجاب کے کسی بھی ہوٹل میں ٹھہرتے ہی پنجاب پولیس کو انفارمیشن موصول ہو جاتی ہے، فاضل چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے آئی جی آفس میں آئی ٹی کے جدید نظام کو اپنانے اور تمام سسٹمز کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

اس موقع پر چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کہا کہ کریمینل جسٹس سسٹم سے منسلک تمام اداروں کے ریکارڈ کو سنٹرلائزڈ کیا جانا ضروری ہے، فاضل چیف جسٹس نے آئی جی آفس کو اپنا فوکل پرسن نامزد کرنے کی ہدایت کی تاکہ لاہور ہائی کورٹ بھی جلد اور معیاری انصاف کیلئے ایسے جدید سسٹم سے استفادہ حاصل کر سکے۔ بعدازاں آئی جی پنجاب کی جانب سے فاضل چیف جسٹس اور ججز کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب ڈاکٹر عارف مشتاق، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن و آپریشنز عارف نواز، ایڈیشنل آئی جی فنانس شعیب دستگیر، ایڈیشنل آئی جی پنجاب ہائی وے پٹرول امجد جاوید سلیمی اورایڈیشنل آئی جی ٹریننگ کیپٹن ریٹائرڈ عثمان خٹک سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :