معیشت کو مشکلات سے باہر نکال لیا ہے، اب ترقی کی رفتار تیز کرنے پر توجہ دیں گے،نجی شعبہ معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے،حکومت کی کوششوں سے مالی خسارہ کم ہوا ہے، افراط زر میں کمی ہوئی ہے

وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر کا خواتین انٹرپرینیورز کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب اسلام آباد چیمبر آف کامرس خواتین انٹرپرینیورز کے فروغ کیلئے کوشش جاری رکھے گا ، خالد اقبال ملک

جمعہ 20 جنوری 2017 19:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جنوری2017ء) وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر نے کہا کہ حکومت نے سیکیورٹی اور توانائی کی صورت حال کو بہتر بنا کر اور متعدد دیگراقدامات اٹھا کر معیشت کو مشکلات سے باہر نکال لیا ہے جس وجہ سے پاکستان کی معیشت اب مستحکم ہو گئی ہے اور آئندہ سالوں میں حکومت معیشت کی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے پر زیادہ توجہ دے گی، حکومت کی کوششوں سے مالی خسارہ کم ہوا ہے، افراط زر میں کمی ہوئی ہے، ٹیکس کی وصولی میں 60فیصد بہتری آئی ہے اور اگر موجودہ مالی سال کو بھی شامل کیا جائے تو ٹیکس کی وصولی میں 80فیصد بہتری آئی ہے یہی وجہ ہے کہ معیشت کے تمام اعشاریے مثبت رجحان ظاہر کر رہے ہیںاور اس بات کو عالمی پبلیکیشنز میں بھی تسلیم کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کو پائیدار اقتصادی ترقی کے راستے پر ڈالنے کیلئے خواتین کو قومی دھارے میں لانا ضروری ہے اور حکومت اس طرف خاص توجہ دے رہی ہے ۔ وہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں خواتین انٹرپرینیورز کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔ نمائش کا اہتمام اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے ہینڈی کرافٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے اشتراک سے کیا ہے ۔

جرمنی، تاجکستان، آزربائیجان، جنوبی کوریا، کیوبا، تیونس، بلغاریہ، میانمبر، سری لنکا، نیپال، فلسطین اور آسٹریا کے سفراء جبکہ امریکہ و ملائشیاء کے سفارتخانوں کے نمائندگان بھی افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔محمد زبیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد سیکیورٹی اور توانائی کو بہتر کرنے پر اولین ترجیح دی کیونکہ ان شعبوں میں بہتری لائے بغیر معیشت کی بحالی ناممکن تھی ۔

انہوں نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرزاب اس بات پر پرعزم ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن جاری رہنا چاہیے کیونکہ اس سے ملک میں امن و امان بہتر ہو رہا ہے جس سے کاروبار اور سرمایہ کاری کو بھی بہتر فروغ مل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام پالیسی سازی کے ذریعے کاروبارکیلئے بہتر ماحول فراہم کرنا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ نجی شعبہ معیشت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے ۔

انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی طرف سے خواتین انٹرپرینیورز کیلئے نمائش کے انعقاد کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایسی سرگرمیوں سے خواتین کا ملکی ترقی میں کردار مزید بڑھے گا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ چیمبر نے خواتین انٹرپرینیورز کی ترقی کیلئے کئی اقدامات اٹھائے ہیں اور موجودہ نمائش کا اہتمام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیمبر نے یونیڈو کے تعاون سے ایک ویمن بزنس گرائوتھ سنٹر قائم کیا ہے جس کا مقصد خواتین انٹرپرینیورز کو کاروبار کے فروغ میں تعاون فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر خواتین انٹرپرینیورز کیلئے ایک ویب پورٹل بھی قائم کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے تا کہ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنے کاروبار کو مزید بہتر فروغ دے سکیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ موجودہ نمائش سے خواتین کے کاروبار کو بہتر ترقی ملے گی ۔چیمبر کی نمائش کمیٹی کے چیئرمین زاہد مقبول نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے نئے سال کا آغاز خواتین کیلئے نمائش منعقد کر کے کیا ہے جس کا واحد مقصد خواتین انٹرپرینیورز کی حوصلہ افزائی کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھاولپور، ملتان اور کراچی سمیت پاکستان کے دیگر شہروں و علاقوں کی خواتین نمائش میں حصہ لے رہی ہیں اور 34سے زائد کاروباری اداروں نے نمائش میں اپنے سٹال لگائے ہیں جواس کی کامیابی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر آئندہ بھی ایسی نمائشوں کا اہتمام کرنے کی کوشش کرے گا تا کہ پاکستان کی تجارت و برآمدات کو بہتر فروغ دیا جا سکے۔( و خ )

متعلقہ عنوان :