طلباء نئی ایجادات و دریافت کے ذریعے اعلیٰ مقام حاصل کر سکتے ہیں، ڈاکٹر ظفر معین ناصر

جمعہ 20 جنوری 2017 19:52

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا ہے کہ طلباء و طالبات نئی ایجادات اور دریافتوں کے ذریعے اپنے شعبوں میں اعلیٰ مقام حاصل کر سکتے ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار کول ٹیکنالوجی کا دورہ کرتے ہوئے طلباء و طالبات سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر تقی زاہد بٹ، ڈائریکٹر سنٹر فار کول ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر اور فیکلٹی ممبران موجودہ تھے۔

وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین نے سنٹر میں قائم کوئلے پر تحقیق کے لئے قائم کی گئی پاکستان کی سٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹریوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ کوئلے کے معیار کو جانچنے اور کوئلے کی اپ گریڈیشن کے لئے جو مشنری سنٹر میں موجود ہے ان میں سے بعض مشینیں پاکستان میں اور بھارت میں کسی دوسرے ادارے کے پاس نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ معیار کی مشینیں امریکہ ، اٹلی، آسٹریا اور برطانیہ سے منگوائی گئی ہیں جو دنیا بھر کی جدید ترین لیبارٹریوں میں استعمال ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار کول ٹیکنالوجی کا صنعتوں کے ساتھ تعلق سب سے ذیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی سٹر فار کول ٹیکنالوجی میں ہونے والی تحقیق سے صنعتوں اور ملک کو فائدہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سنٹر میں ہونے والی تحقیق سے ہم بھارتی اداروں کا مقابلہ کریں گے اور ایسے انجینئرز پیدا کریں گے جو مستقبل میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے اور ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سنٹر میں بی ایس سے پی ایچ ڈی کی سطح تک مختلف پروگرامز شروع کئے جائیں گے جو پاکستان میں کہیں نہیں پڑھائے جا رہے اور مستقبل میں جن کی ہمیں ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنٹر کی لائبریری میں کوئلے کے موضوع پر پاکستان بھر میں کتابوں کا سب سے بڑا ذخیرہ موجود ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین نے شعبے میں جاری تحقیقی سرگرمیوں کو خوب سراہا۔

متعلقہ عنوان :