حکومت کی جانب سے عافیہ کی واپسی کے سنہری موقع کو ضائع کرنے پر افسوس ہے، لیکن پرعزم ہیں، ڈاکٹر فوزیہ

جمعہ 20 جنوری 2017 20:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جنوری2017ء) 14 ویں برس بھی امریکی قید و بند میں صعوبتیں برداشت کرنے والی پاکستانی قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے حکمرانوں کی جانب سے صرف ایک خط نہ لکھ کر ڈاکٹر عافیہ کو واپس لانے کا سنہری موقع ضائع کئے جانے پر پوری پاکستانی قوم کے ہمراہ مجھے بھی دکھ اورافسوس ہے لیکن ہم پہلے سے کہیں زیادہ پرعزم ہیں اور اتوار کو غیرمعمولی اجلاس کے بعد عنقریب لائحہ عمل کااعلان کیا جائے گا۔

امریکی جاسوس اور قاتل ریمنڈ ڈیوس کو جلد بازی میں امریکہ بھیج دیا گیااور اب غدارشکیل آفریدی کو امریکہ بھیجنے کیلئے سودے بازی ہورہی ہے۔ عافیہ کی رہائی کی ہماری آواز میں آواز ملانے اور ساتھ دینے پر سیاستدانوں ، کالم نگاروں، رضاکاروںاور انسانی حقوق کے کارکنوں کی مشکور ہوں۔

(جاری ہے)

عافیہ موومنٹ سے جاری کردہ بیان میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہاہے کہ موجودہ حکومت نے جس طرح ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کا سنہری موقع ضائع کیا ہے اس پر پوری پاکستانی قوم انتہائی دکھ اور افسوس کی کیفیت سے گذر رہی ہے۔

مجھے بھی بے حد افسوس ہوا ہے لیکن الحمدللہ حکومت کی اس بے حسی نے ہمارے عزم و حوصلہ کو ایک نئی مہیز دے دی ہے۔ میاں محمدنواز شریف نے وزارت عظمیٰ کاحلف اٹھانے کے بعد پوری وفاقی کابینہ کے ہمراہ کراچی میں عافیہ کی والدہ سے ملاقات میں عافیہ کی بیٹی مریم سے کہا تھا کہ جس طرح عافیہ کی بیٹی مریم ہے اسی طرح میری بیٹی بھی مریم ہے۔ میں 100 دنوں میں مریم کو اپنی والدہ عافیہ سے ملوائوںگا۔

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ اس صورتحال پر اتوار کو عافیہ موومنٹ نے غیرمعمولی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ عنقریب مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی آواز میں اپنی آواز شامل کرنے والے ان تمام سیاستدانوں، سینیٹرز، ارکان اسمبلی، انسانی حقوق ورکرز اور عوام سے اظہار تشکرکیا جنہوں نے اس انتہائی اہم موقع پر بھرپورساتھ دیا اور ہر سطح پر آواز بلند کی۔ انہوں نے خاص طور امیر جماعت اسلامی و سینیٹرز سراج الحق کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے عافیہ کیلئے سینیٹ میں موثر آواز بلند کرکے حکومت کو اس کی قومی اور آئینی ذمہ داری کی طرف توجہ دلائی۔

متعلقہ عنوان :