لاہور ہائیکورٹ نے قتل کے مقدمہ کے ملزم کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل کر دی

جمعہ 20 جنوری 2017 20:25

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے قتل کے مقدمہ میں سزائے موت کے ملزم کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹرجسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مجرم ابراہیم کی سزا کے خلاف ا پیل پر فیصلہ سنایا۔ اپیل میں ابراہیم نے ماتحت عدالت کی سزا ئے موت کو چیلنج کیا۔

(جاری ہے)

اپیل کنندہ کے وکیل نے بتایا کہ ابراہیم پر 2012 میں ادریس نامی شخص کو قتل کرنے کا الزام ہے اور ٹرائل کورٹ نے حقائق کے برعکس فیصلہ سناتے ہوئے اپیل کنندہ کو سزائے موت کی سزا سنائی۔

وکیل کے مطابق مخالفین نے پولیس کے ساتھ ساز باز کر کے ملزم کو اس وقوعہ میں ملوث کرایا ۔ وکیل ملزم نے نشاندہی کی کہ اپیل کنندہ سے واردات میں استعمال ہونے والا کوئی اسلحہ بھی برآمد نہیں ہوا۔ وکیل نے استدعا کی کہ ٹرائل کورٹ کی سزا کو کالعدم قرار دیکر اپیل کنندہ کو بری کیا جائے۔ دو رکنی بنچ نے دلائل اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا۔