یونین کونسل کنجوغی مسلم باغ میں برف باری باعث لوگ گھروں میں محصور ہیں ‘بجلی سمیت دیگر مواصلاتی نظام درہم برہم ہو چکا ہے‘پی ڈی ایم اے حکام فوری امدادی ٹیمیں اور اشیاء خوردونوش اور ادویات کی فراہمی ممکن بنائے تاکہ نقصان کااحتما ل نہ رہے

پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی منظوراحمدکاکڑ ‘عبدالقیوم کاکڑ کا مطالبہ

جمعہ 20 جنوری 2017 20:33

کوئٹہ /مسلم باغ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جنوری2017ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی منظوراحمدکاکڑ ،صوبائی کمیٹی کے رکن اور کنجوغی مسلم باغ کے سیکرٹری عبدالقیوم کاکڑ نے مطالبہ کیاہے کہ یونین کونسل کنجوغی مسلم باغ میں حالیہ برف باری کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں بلکہ علاقے میں بجلی سمیت دیگر مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہوچکاہے ،پی ڈی ایم اے حکام فوری طورپر امدادی ٹیمیں اور اشیاء خوردونوش اور ادویات کی رسائی ممکن بنائیں تاکہ جاری نقصان کااحتما ل نہ رہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز پشتونخوامیپ کے سردار ولی محمد عیسیٰ خیل بارکزئی اور کنجوغی یونین کونسل کے وفد کے ہمراہ پی ڈی ایم اے کے صوبائی کمشنر سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

منظور خان کاکڑ اور دیگر نے پی ڈی ایم اے حکام کو بتایاکہ حالیہ برف باری کے باعث مسلم باغ کے علاقے کنجوغی اور دیگر میں بجلی نظام ،سڑکوں اور دیگر کو شدید نقصان پہنچاہے بلکہ لوگ گھروں میں محصور ہوگئے ہیں اس وقت لوگوں کو اشیاء خوردونوش ادویات ،کمبل ودیگر کی ضرورت ہے اس لئے پی ڈی ایم اے حکام یونین کونسل کنجوغی کے مختلف کلیوں ،مرغہ باکلزئی ،کچی فردوس ،ملاشاخ، گڑدی ،پینہ کئی ،چنگی سلطانزئی ،ملازیان ودیگر کیلئے اشیاء خوردونوش ،ادویات ودیگر کا بندوبست کرائیں ،وفد نے ہنہ اوڑک کلی ببری ،کلی شعبان کیلئے بھی اشیاء ضروریہ کی فراہمی کیلئے حکام کی توجہ مبذول کرائی دریںاثناء یونین کونسل مسلم باغ کنجوغی پشتونخوامیپ کے وفد نے ایم پی اے منظور کاکڑ کاشکریہ اداکیا اورکہاکہ انہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں عوام کا بھرپور ساتھ دیا اور کنجوغی کے لوگوں کو درپیش مشکلات متعلقہ حکام تک پہنچائے ۔