پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہواہے کسی اور ازم کی گنجائش نہیں ہے، قاری شیرافضل خان

حکمران بیرونی آقائوں کے اشاروں پر ملک کو سیکولراسٹیٹ بنانے کے ایجنڈے پر عمل پیراہیں، چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کا بیان اسی سلسلے کی کڑی ہے، پنجاب سے واپسی پر استقبال کیلئے آنیوالے کارکنان سے خطاب

جمعہ 20 جنوری 2017 20:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2017ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماقاری شیرافضل خان پنجاب کے ایک ماہ کے تنظیمی دورے سے واپس کراچی پہنچ گئے، پنجاب میں انہوں نے جے یوآئی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں شرکت ،مختلف مقامات پر منعقدہ جلسوں، پریس کانفرنسزاور دیگر پروگرامات سے خطاب اور مولانافضل الرحمان، مولاناسمیع الحق، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثاراحمدخان سمیت دیگر اہم شخصیات ورہنمائوں سے ملاقاتیں کیں۔

کراچی واپسی پر ریلوے اسٹیشن پر جے یو آئی کے کارکنان کی کثیر تعدادنے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قاری شیرافضل خان نے کہاکہ حکمران بیرونی آقائوں کے اشاروں پر ملک کو سیکولراسٹیٹ بنانے کے ایجنڈے پر عمل پیراہیں، چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی کا بیان بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میاں رضاربانی مارکسزم کے سحرسے باہر نکل کر دیکھیں دنیامیں سب سے تیزی سے پھیلنے والامذہب اسلام ہے۔

ایک اسلامی مملکت کے اعلیٰ ترین ادارے کے چیئرمین کا مارکسزم سے متاثرہوناانتہائی حیرتناک بلکہ ایک سوالیہ نشان ہے اتنے اہم عہدے پر براجمان شخص کا اسلام کے بجائے کسی اور ازم سے متاثرہوناکوئی عام بات نہیں ہے،اس سے بڑھ کر افسوسناک بات یہ ہے کہ ان سے بازپرس کرنے والابھی کوئی نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں تبلیغی جماعت پر پابندی، جمعے کے بجائے اتوارکی چھٹی، بسنت اور دیگر غیر اسلامی تہواروں کی حکومتی سطح پر تشہیر ملک کو سیکولراسٹیٹ بنانے کی جانب پیش قدمی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکمران خاطر جمع رکھیں پاکستان کے غیور مسلمان ان کی ایسی کسی خواہش کو عملی جامہ پہننے نہیں دیں گے،اسلام کے شعائر کی حفاظت کی جائے گی ،کوئی غیر اسلامی قانون نہیں بننے دیاجائے گا کیونکہ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہواہے اور اس ملک میں اسلامی نظام ہی قائم ہوگا کسی اور ازم کی یہاں گنجائش نہیں ہے۔