موجودہ حکومت کوئٹہ کے عوام کے پانی کے مسئلے کے مستقل حل کیلئے مختلف بڑے اور میگا پروجیکٹ پر کام کررہی ہے، رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے

جمعہ 20 جنوری 2017 22:47

کوئٹہ۔20جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سٹینڈنگ کمیٹی برائے زراعت وخوراک کے چیئرمین ورکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے کہا ہے کہ پانی قدرت کا ایک انمول تحفہ ہے اور اسے استعمال کرنے میں ہمیں انتہائی احتیاط سے کام لینا ہوگا کیونکہ کوئٹہ اور گردنواح میں پانی کی سطح انتہائی درجے نیچے چلی گئی ہے موجودہ حکومت کوئٹہ کے عوام کے پانی کے مسئلے کے مستقل حل کیلئے مختلف بڑے اور میگا پروجیکٹ پر کام کررہی ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے حلقہ پی بی 5کے علاقے سریاب کلی فقیر آباد میں نئے ٹیوب ویل اور سڑک کے تعمیر کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔اجتما ع سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی رہنمائوں نے کہا کہ پانی قدرت کے نعمتوں میں سے ایک اہم نعمت ہے اور ہمیں انتہائی احتیاط کے ساتھ پانی کا استعمال کرنا ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کوئٹہ کے عوام کو پانی کے مستقل حل کیلئے بڑے منصوبوں پر کام جاری رکھا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں عوامی فلاح وبہبود کے جن منصوبوں پر کام ہوا ہے وہ قابل اطمینان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ پی بی 5میں تعلیم ، صحت ، آبنوشی کے کروڑوں روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ اس سلسلے میں حلقے میں 25نئے سکولوں کیلئے زمین خریدی گئی اور بلڈنگ تعمیر ہوئے اور اب ان سکولوں میں کم وبیش 5ہزار طلباء وطالبات علم حاصل کررہے ہیں۔ اسی طرح علاقے میں 12بنیادی ہیلتھ مراکز بنائے گئے جن کو جلد فعال کیا جائیگا ۔ اسی طرح حلقے میں سڑکوں نالیوں کی تعمیر اور آبنوشی کے کم وبیش 50سکیمات تمام حلقے میں بلا امتیاز پایہ تکمیل کو پہنچ رہے ہیں جس سے تمام عوام کو پانی میسر ہوگا اور ساتھ ہی میں پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے 2بڑے ڈیمز بھی تعمیر کیئے گئے ۔