پورے پنجاب کے وسائل لگانے کے باوجود لاہور کا 19 ویں نمبر پر آنا حکمرانوں کے دعوئوں کی نفی ہے‘ سعدیہ سہیل رانا

پنجاب حکومت کی تعلیمی شعبے میں کوئی جامع منصوبہ بندی نظر نہیں آ رہی، ہر نئی پالیسی تعلیمی شعبے میں کوئی تبدیلی نہ لا سکی‘ رکن اسمبلی

ہفتہ 21 جنوری 2017 12:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2017ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے پروگرام مانیٹرنگ اینڈ ایمپلی منٹیشن یونٹ کی تعلیمی کارکردگی پر رپورٹ پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ پورے پنجاب کے وسائل لاہور پر لگائے جا رہے ہیں لیکن لاہور کا 19 ویں نمبر پر آنا حکمرانوں کے دعوئوں کی نفی ہے۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت کی تعلیمی شعبے میں کوئی جامع منصوبہ بندی نظر نہیں آ رہی۔

ہر نئی پالیسی تعلیمی شعبے میں کوئی تبدیلی نہ لا سکی۔ لیپ ٹاپ سکیم، انڈونمنٹ فنڈز اور دیگر پروگراموں کے لئے صوبائی حکومت نے اربوں روپے مختص کئے لیکن پنجاب میں نہ تو نیا سکول بنا اور نہ ہی کوئی کالج۔ حکومت صرف دعوئوں اور نعروں پر ہی اکتفا کر رہی ہے سکولوں کی حالت زار کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

(جاری ہے)

سکول ٹیچرز اور سرکاری کالجز کے پروفیسرز اور لیکچررز اپنے حقوق کے لئے سراپا احتجاج ہیں۔

پنجاب حکومت نے سکولز اور ہائر ایجوکیشن کے لئے الگ الگ وزارتیں بھی قائم کر کے خزانے میں مزید بوجھ بڑھا دیا ہے انہوں نے کہا کہ لاہور میں نالج پارک بنانے کا اعلان بھی پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکا، انہوں نے مطالبہ کہا کہ حکومت تجربات کی بائے انفراسٹرکچر کی بہتری اور اساتذہ کی جدید طرز پر ٹریننگ کو یقینی بنائے۔

متعلقہ عنوان :