پنجاب بھر میں تشہیری بورڈز کیلئے یکساں پالیسی کے نفاذ کے اقدامات

ہفتہ 21 جنوری 2017 14:33

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2017ء) پنجاب بھر میں بل بورڈز اور ہورڈنگز کیلئے یکساں پالیسی کے نفاذ کے لیے اقدامات شروع کر دیئے گئے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پنجاب بھر میں بل بورڈز اور ہورڈنگز کے حوالے سے یکساں پالیسی اپنانے اور بل بورڈز و ہورڈنگز کی تنصیب کے دوران تمام حفاظتی سٹینڈرڈز پر عمل در آمدکی ہدایت کی ہے ۔

ذرائع کہنا ہے کہ بل بورڈز اور ہورڈنگز کے حوالے سے مسودہ قانون کے دوبارہ جائزہ کی ہدایات بھی دی گئی ہیں ۔ذرائع کے مطابق بل بورڈز اور ہورڈنگز کے نئے قانون کے تحت بل بورڈز اور ہورڈنگز کے سائز میں یکسانیت ہونی چاہیئے اوراس ضمن میں مقامات کے انتخاب کے حوالے سے کسی ایک فرد کا صوابدیدی اختیار نہیں ہوگا، ضلع کی سطح پر میئر اور چیئرمین ضلع کونسل کمیٹی کے سربراہ ہوں گے اور صوبے میں بل بورڈزاور ہورڈنگزکے حوالے سے ہرصورت یکساں پالیسی اپنائی جائے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ قبل ازیں راولپنڈی سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں بل بورڈز کے گرنے کے واقعات میں قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں جبکہ ان کے مقامات کے انتخاب کے حوالے سے بھی متنازع باتیں سامنے آئی تھیں ۔وزیر اعلی پنجاب نے ان تمام شکوک و شبہات کو دور کرنے کے لیے یکساں پالیسی کے نفاذ کی ہدایت کی ہے تاکہ تمام معاملات شفاف انداز میں طے ہو سکیں ۔

متعلقہ عنوان :